ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی میں فلسطینی عوام کے حق میں یکجہتی ریلی و اجلاس

راولپنڈی ( صباح نیوز)راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں فلسطینی عوام کے حق میں یک جہتی ریلی و اجلاس منعقد کیا گیا،وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے ریلی و اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں مقررین نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی عوام کے ساتھ گہری اور غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہے۔اجلاس میں فلسطین میں اسرائیل کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف مذمتی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

ایوان نے عالمی طاقتوں، اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مسئلہ فلسطین کے حل، مستقل امن اور انسانی امداد کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ مشعال حسین ملک نے کہا کہ ”اس نازک لمحے میں ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی، ہمدردی اور امید کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے مظالم، جبر اور محاصرے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی، جس کے نتیجے میں ایک سنگین انسانی المیہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر کا حل دنیا میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔

صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ اس مشکل وقت میں فلسطین میں ہمارے مسلمان بھائی اور بہنیں تنہا نہیں ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہم امن، انصاف اور بہتر مستقبل کی مضبوط حمایت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، سابق صدور، انجمن تاجران کے عہدے داران، سمال چیمبر کے صدر طارق جدون، ایگزیکٹو کمیٹی، طلبا اور سول سوسائٹی اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔