صنعت کار مزدورکی مقررکی گئی 36ہزارروپے تنخواہ کے فیصلے پربھی عمل کریں سینیٹرطلال چوہدری


 فیصل آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماسینیٹرطلال چوہدری نے کہاہے کہ  میاں شہبازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے معاشی استحکام کے لئے کئے گئے عمل اقدامات سے 100دنوں میں 100فیصد کامیابی حاصل کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے بھی مہنگائی کوکم کرنے کے لئے تاریخی فیصلے کئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی نے پونے چارسالہ دوراقتدارمیں پونے چارسوبارقوم کے ساتھ جھوٹ اور وعدوں دعوؤں پریوٹرن لیاہے۔ بڑی عیدپروزیراعظم میاں شہبازشریف نے قوم کو2بڑے تحفے دیے ہیں ملکی صنعت کی بہتری  کے لئے بجلی کے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے صنعت اور برآمدات میں بڑے اضافے کے لئے تاریخی قدم اٹھایا ہے جس کے تحت بجلی کی قیمت میں 10روپے 69 پیسے کی کمی گئی ہے جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10روپے 20پیسے کمی کی گئی ہے۔

صباح نیوزسے گفتگوکرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی خصوصی کاوشوں اورمسلم لیگ ن کے قائدمیاں نوازشریف کی ہدایت پر صنعت اور برآمدات کے شعبے کے لئے بجلی کی قیمت 34 روپے 99 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔ وزیراعظم کے پیکج کے نتیجے میں صنعتوں سے 200 ارب روپے سے زائد کا بوجھ ختم ہوگا۔اب صنعت کاروں کوچاہئے کہ وہ بھی مزدورکی مقررکی گئی 36ہزارروپے تنخواہ پربھی عمل کریں۔انڈسٹری کے بغیرملک نہیں چل سکتااورمزدوروں کے بغیرانڈسٹری نہیں چل سکتی۔