مون سون سیزن میں زائد بارشوں کا خدشہ ، وزیراعلیٰ پنجاب کی ندی نالوں کی صفائی کرنے کی ہدایت  


لاہور(صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رواں سال مون سون سیزن میں 35فیصدسے زائد بارشوں کے خدشے کے پیش نظر صوبہ بھر میں ندی نالوں کی بھرپور صفائی کی ہدایت کر دی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور مون سون تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، کاظم پیرزادہ، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ڈی جی پی ڈی ایم اے سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔سیکرٹری ایریگیشن،چیف میٹرولوجسٹ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وزیراعلیٰ کو مون سون کی تیاریوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلی پنجاب کو تمام بیراج لنک کینال، مین کینال، ڈریننگ سسٹم اور بند وغیرہ کی صورتحال کے حواکے سے رپورٹ پیش کی گئی ،جس میں بتایا گیا کہ آئندہ 3ماہ کے دوران پاکستان میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر میں ڈرین سسٹم کی بھرپور صفائی کی ہدایت کرتے ہوئے ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر تمام اضلاع سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔مریم نواز شریف نے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر متاثرہ علاقوں میں عوام کو انخلا کے پلان سے آگاہ کرنے اور متاثرہ دیہات کے لوگوں کو قیام و طعام کے مقام سے متعلق آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ندی نالوں میں تجاوزات اور رکاوٹیں ہٹائی جائیں، ممکنہ سیلاب کے پیش نظر آبادی کے بروقت انخلا کی منصوبہ بندی کی جائے، انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مال مویشیوں کو بھی بروقت نکالا جائے۔مریم نوازنے کہا کہ دنیا بھر میں ارلی فلڈ وارنگ سسٹم رائج ہے، پاکستان میں کیوں پتہ نہیں چلتا، بارشوں کی صورت میں ہر شہر میں پانی کی فوری نکاسی کا اہتمام کیا جائے، جہاں بھی سیلاب کا خطرہ ہو بروقت پیشگی اقدامات کئے جائیں۔انہوںنے کہاکہ سیلاب کی بروقت اور مستند اطلاعات کی ترسیل یقینی بنائی جائے، ہر سیلابی بند سے تجاوزات ہٹائی جائیں، مانیٹرنگ تسلسل سے جاری رہنی چاہیے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پی ڈی ایم اے کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا، انہوں نے ویدر پورٹل، فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن اور فلڈ سمولیشن ماڈل کا مشاہدہ کیا۔