آرمی چیف کی تاجر برادری کو ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت

کراچی (صباح نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے  تاجر برادری کو ملکی معیشت کی  ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دیدی۔پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے دورہ کراچی کے دوران تاجر برادری سے  ملاقات کی۔ اس موقع پر معیشت کے حوالے سے تاجر برادری کے ساتھ اہم امور زیر بحث  آئے۔آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر  کا کہنا تھا میں ایک سال پہلے سے آپ سب لوگوں سے کہہ رہا تھا کہ مایوس مت ہوں، مایوسی گناہ ہے۔ پاکستان کی خوشحالی کے بارے میں کبھی امید نہیں چھوڑنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی ناکام کوششوں کو اجتماعی کاوشوں سے شکست دی گئی۔ پاکستان کے روشن مستقبل پر سب کو غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہیے۔آرمی چیف نے کہا کہ  پاکستان مختلف شعبوں میں غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔ بے پناہ وسائل اور صلاحیت کے پیش نظر پاکستان اقوام عالم میں اپنا جائز مقام حاصل کرنا چاہتا ہے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ مغربی سرحد پر سمگلنگ پر قابو پانے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ کاروباری برادری کے تعاون کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہ تھیں۔

انہوں نے کہا کہ برادر دوست ممالک بالخصوص چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی معاشی بحالی میں کردار قابل ستائش ہے۔ گوگل، سٹار لنک اور دیگر بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔آرمی چیف نے کراچی کی کاروباری برادری کو یقین دہانی کرائی کہ فوج غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے لیے پرعزم ہے،  کراچی کی کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔جنرل عاصم منیر نے تجارتی  برادری کو ملکی معیشت کی  ترقی میں کردار ادا کرنے اور ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔