انتخابات کے جعلی نتائج سیاسی بحران کی شیطانی جڑ ہے۔ لیاقت بلوچ


لاہور (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عیدقربان سنت ابراہیمی اور اسوئہ محمدۖ کا پیغام یہی ہے کہ اہل ایمان اپنی نیت اور اعمال اللہ کے لئے خالص کر دیں۔ تفرقہ انگیزیت سے نہیں اتحاد امت سے عالم اسلام بحرانوں، مصیبتوں اور ذلتوں سے نجات پائے گا۔ امت میں باہمی اتحاد، باہمی احترام اور درد مشترک کی بنیاد پر تعصبات، نفرتوں، حسد، جھوٹ اور فریب کے بت توڑ دیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اس عیدقربان کے موقع پر بھی فلسطینی اور کشمیر لہو لہو ہیں۔ استعماری اور جابر قوتوں نے فلسطینیوں اور کشمیریوں کو ان کے حق آزادی سے محروم کر رکھا ہے۔ ظلم، جبر، قتل و غارت گری اور نسل کشی کے مقابلہ میں اہل فلسطین اور اہل کشمیر کی قربانیاں لازوال ہیں اور ان کی استقامت پوری دنیا کو بیدار کر رہی ہے۔ عالم اسلام کے حکمران بے حسی، لاتعلقی، مجرمانہ غفلت ترک کریں اور مظلوم مسلمانوں کی مدد کے لئے ایمانی جرات کا مظاہرہ کریں۔ اسرائیلی صیہونی کسی کی بات سننے ماننے کے لئے تیار نہیں۔ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا ہے۔ امریکہ اور برطانیہ کی نیت خراب ہے۔ عالم اسلام کو اتحاد و یگانگت کی طاقت سے اپنے مسائل خود حل کرنا ہونگے۔ پوری دنیا میں مسلمان عیدالاضحی کے موقع پر فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے منصورہ میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد سے وفود سے ملاقات میں کہا کہ سیاسی عدم استحکام قومی سلامتی کے لئے بڑی خطرناک صورتحال پیدا کر رہی ہے۔ انتخابات کے جعلی نتائج سیاسی بحران کی شیطانی جڑ ہے۔ بجٹ 2024-25ء نے عوام میں بغاوت کے سلگتے جذبات پر تیل کا کام کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا قوم سے خطاب عوام سے مذاق اور مہنگائی بے روزگاری، یوٹیلٹی بلز کی بمباری سے زخمی عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ حکمران بے خبر ہیں کہ عوام میں غریب، متوسط طبقہ پس گیا ہے لیکن حکمران اور ملک و ملت کا خون چوسنے والا اشرافیہ اپنی عیاشی اور مفت خوری چھوڑنے کو تیار نہیں۔ عوامی شدید مزاحمت کا وقت قریب آ رہا ہے۔