عید الاضحی پر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی قربانیوں اور مصائب کو نہ بھولیں۔ ڈاکٹر حمیرا طارق

 لاہور(صباح نیوز) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ عیدالاضحی سنت ابراہیمی ہے۔یہ ہمیں اللہ کی محبت ،اخوت بھائی چارے، ایثار و قربانی اور جذبہ ایمانی کا درس دیتی ہے۔اس فریضے کی اصل روح جانور کی قربانی میں نہیں بلکہ اللہ کی ہمہ وقت اطاعت اور تسلیم و رضا  میں پوشیدہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے عید الاضحی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی  ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام  کی جذبہ اطاعت و فرمانبرداری سے لبریز گفتگو یاد دلاتی ہے جو قیامت تک کے لئے مشعل راہ  اور تسلیم و رضا کی یادگار مثال ہے ۔عظیم باپ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے عزیز فرزند حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ کی اطاعت اور قوت ایمانی سے قربانی کے لیے پیش کر دیا۔حضرت ابراہیم علیہ السلام , حضرت اسماعیل علیہ السلام اور بی بی حاجرہ علیہ السلام نے اطاعت خداوندی کی شاندار  مثال قائم کی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحی ہمیں سیدہ حاجرہ علیہ السلام کی ایثار و قربانی اور بہترین تربیت اولاد  کی طرف بھی متوجہ کرتی ہے ۔حضرت حاجرہ علیہ السلام بہترین ماں اور بہادر رفیقہ حیات تھیں جنہوں نے مکہ کے بیابان میں حضرت اسماعیل علیہ السلام کی ایسی تربیت کی کہ آج عیدالاضحی پر پوری امت مسلمہ انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ دور حاضر کی ماوں کو سیرت سیدہ حاجرہ علیہ السلام پر عمل پیرا ہو کر اپنے بچوں کی اسی انداز میں ترببت کرنی چاہئے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر  غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی قربانیوں اور مصائب کو نہ بھولیں۔  کشمیر اور فلسطین  کی آزادی  کے لئے دعائیں مانگیں ۔ وطن عزیز میں اپنے اردگرد موجود ضرورت مند مساکین، اعزا و اقربا کو قربانی کے گوشت کی تقسیم میں یاد رکھیں ۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ عیدالاضحی کا اصل پیغام یہی ہے کہ مسلمانوں کی زندگیاں اللہ کی رضا کے حصول کے لئے مخصوص رہیں ، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کو سامنے رکھتے ہوئے دین کی خاطر تکالیف کو صبر و ہمت سے برداشت کریں اور قربانی کی اصل روح تقوی کے حصول کی بھرپور کوشش کریں۔