ملک معاشی بحران سے گزر رہا ہے،اس کی ترقی کے لیے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر اویس لغاری

ڈیرہ غازی خان(صباح نیوز)وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود اور پبلک سروسز کی بہتری کیلئے کام کئے ہیں،عوامی مسائل کا بروقت حل ہماری ترجیحات میں رہا ہے،ملک معاشی بحران سے گزر رہا ہے،اس کی ترقی کے لیے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سردار محمد جمال خان لغاری،رکن قومی اسمبلی سردار عمار اویس خان لغاری،ایم پی اے سردار احمد خان لغاری،مسلم لیگی رہنما سردار اسامہ فیاض لغاری اور دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔سردار اویس خان لغاری نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات میں ملک کی باگ دوڑ سنبھالی ہے تاہم عوامی خدمت کا جذبہ رکھتے ہوئے ملک کی ترقی کیلئے نیک نیتی سے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے لیے عید کی خوشیاں اور چھٹیاں ترک کرنے والے افسران اور ملازمین کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں برس عید کے موقع پر خاص طور پر ڈیرہ غازی خان میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عید کے ایام میں بہترین سہولیات دیکھنے کو ملیں گے۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما و لغاری قبائل کے چیف سردار محمد جمال خان لغاری نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے ہمیں ایک ٹیم بننا ہوگا کیونکہ پاکستان اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے اس وقت ہمیں قومی یک جہتی کی اشد ضرورت ہے۔اجلاس خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن ٹرائی بارڈر ایریا،پہاڑ،میدان،دریا اور صحرا کی وجہ سے منفرد جغرافیائی حیثیت رکھتا ہے۔سیکیورٹی معاملات کی بہتری کیلئے صوبائی،ڈویژنل اور ضلعی سرحدوں پر مشترکہ چیک پوسٹس فعال کردی گئی ہیں اور عید الاضحی کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صفائی اور میونسپل سروسز کی بہتری کیلئے افسران و ملازمین کی عید چھٹیاں منسوخ ہیں۔ڈی جی خان ڈویژن کے متعدد مقامات پر فیلڈ کیمپس فعال کردئیے گئے ہیں ۔آلائشوں کی محفوظ تلفی کیلئے ماحول دوست بیگز کی گھر گھر تقسیم کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر عملدرآمد کرایا جارہاہے اور مسافروں سے مقرر کردہ کرایہ نامہ سے زائد وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز سے کرایہ واپس کرا دیا گیا ہے۔