اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن ہمیں فلسطین اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی عظیم قربانی کو بھی یاد رکھنا ہے جو کہ ظلم و ستم اور بربریت کے سامنے آہنی دیوار کی مانند ڈٹ کر کھڑے ہیں۔اپنے الگ الگ پیغامات میںانہوں نے کہا کہ ہمیں قربانی کی اصل روح کو سمجھ کر اپنی عملی زندگی میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اوراخوت،ایثار،محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر ضرورت مند اور پسماندہ لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کرناچاہیے۔
،صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے اپنے پیغام میں کہاکہ میں عید الاضحی کے مبارک اور پرسعید موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ بابرکت موقع پورے عالم اسلام اورپاکستان کیلئے رحمتیں اور خوشیاں لائے۔انہوں نے کہاکہ عیدالاضحی ہمیں اللہ تعالی کے دو برگزیدہ پیغمبر وں حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل کی تسلیم و رضا کی یاد دلاتی ہے۔ اللہ تعالی نے جب ان عظیم شخصیات کو آزمائش سے گزارا تو دونوں نے رضائے الہی کے حصول کیلئے سر تسلیم ِخم کر دیا۔ قربانی کا یہ عمل اللہ تعالی کی بارگاہ میں اس قدر مقبول ہوا کہ امتِ محمدیہ ۖ پر قربانی کی اس عبادت کو لازم قرار دے دیا۔نبی کریم ۖ نے فرمایا کہ اللہ تعالی کے نزدیک سب سے عظیم دن قربانی کا ہے۔ اس میں ہمارے لیے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور اللہ تعالی کی اطاعت اور فرمانبرداری ہی کامیابی کی کنجی ہے ۔صدر زرداری نے کہاکہ عید الاضحی کے اس موقع پر پوری پاکستانی قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ ہم اخوت،ایثار،محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر اپنے ارد گرد ضرورت مند لوگوں کی مدد کریں گے۔ ہمیں قربانی کی اصل روح کو سمجھ کر اپنی عملی زندگی میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔
اس عید الاضحی پر اپنے قرب و جوار میں قربانی کی استطاعت نہ رکھنے والے لوگوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں ۔ انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ پوری امت مسلمہ بالخصوص پاکستان پر اپنی ڈھیروں برکتیں اور رحمتیں نازل فرمائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں عید الاضحی اور عظیم اسلامی عبادت حج بیت اللہ کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس مبارک موقع پر میں اللہ تعالی سے دعا کرتا ہوں کہ وہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دن ہم حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی اور اطاعت کے جذبے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کا اللہ تعالی کی خوشنودی کی خاطر سر خم تسلیم کرنے کا یہ عمل بارگاہ الہی میں اتنا محبوب ہوا کہ اسے تا قیامت امت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے عبادت کی حیثیت سے لازم قرار دے دیا۔قربانی کا جذ بہ ایک ایسا عمل ہے جس کا مقصد انسان کا اپنی نفسانی خواہشات کو اعلی مقاصد کے حصول کے لیے قربان کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ عید الاضحی کے با برکت موقع پر ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خیال رکھنا ہے جو قربانی کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تاکہ ہمارے ایسے ہم وطن بہن بھائی جو معاشی طور پر کمزور ہیں وہ بھی ان خوشیوں کو بھرپور طریقے سے منا سکیں۔شہباز شریف نے کہاکہ آج کے دن ہمیں فلسطین اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی عظیم قربانی کو بھی یاد رکھنا ہے جو کہ ظلم و ستم اور بربریت کے سامنے آہنی دیوار کی مانند ڈٹ کر کھڑے ہیں۔وزیراعظم نے دعا کی ہے کہ ہم سب کو عید الاضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہم کنار فرمائے اور جذبہ ایثار و قربانی پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔