حماس نے موساد اور سی آئی اے کا غرور اور ٹیکنالوجی خاک میں ملا کر رکھ دی،لیاقت بلوچ


ڈیرہ غازی خان (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کہا ہے کہ حماس نے موساد اور سی آئی اے کے انٹیلیجنس نیٹ ورک کا غلغلہ ،کبر و غرور اور ٹیکنالوجی خاک میں ملا کر رکھ دی۔

عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام فٹبال گراؤنڈ کمپنی باغ میں عظیم الشان ختم نبوت و اتحاد امت کانفرنس میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قادیانیت اسلام اور اسلامی تعلیمات کے خلاف امریکہ،برطانیہ اسرائیل کی زیر سرپرستی بننے والا ناسور ہے ،اس فتنے کی بیخ کنی ہمارے ایمان کا لازمی تقاضا  ہے،ہم نے اللہ کی خاص مہربانی سے اس چیلنج کا مقابلہ کیا اور وطنِ عزیز پاکستان کے دستور میں انہیں کافر ڈیکلیئر کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہلِ فلسطین نے اللہ رب العزت کی توفیق و تائید سے اسرائیل کو ناکوں چنے چبوادیئے ہیں،امریکہ اسرائیل کو ہر اعتبار سے سپورٹ کررہا  ہے لیکن آفرین ہے فلسطین کی حماس پر جس نے موساد اور سی آئی اے کے انٹیلی جنس نیٹ ورک کا غلغلہ ،کبر و غرور اور ٹیکنالوجی خاک میں ملا کر رکھ دی ہے ،اس وقت اسرائیلی فوج درندگی کے تمام ریکارڈ توڑ چکی ہے ،فلسطین کے معصوم بچوں،عورتوں،بوڑھوں اورمعذورافراد اورنہتے شہریوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا ہے لیکن اہل فلسطین کے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترکی،مصر،پاکستان،افغانستان اور عرب ممالک کے حکمران اور عوام فلسطین کی پشت بانی کریں اور انکا بھرپور ساتھ دیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی اتحاد ِ امت،عقید ختم نبوت کے تحفظ اوراہلِ فلسطین وکشمیر اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی خدمت اور حمایت جاری رکھے گی، لیاقت بلوچ نے مجلس ختم نبوت ڈیرہ غازی خان کے رہنمامولانا اللہ وسایامرحوم کی خدمات کو شاندارخراج عقیدت پیش کیا،اس موقع پر سٹیج پر سردار محمد خان لغاری،ضیااللہ شاہ بخاری،شیخ عثمان فاروق ایڈووکیٹ،مولانا رشید احمد شاہ جمالی،مولانا عبد الرحمن غفاری،حضرت عبدالستار شیرازی،ابوبکر گھلو،مولانا عبدالغفور سیفی،شیخ سعد فاروق ،مولانا جمال ناصر اور دیگر رہنماموجودتھے۔