اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے زیراہتمام عظیم الشان فلسطین مارچ، سینکڑوں طلبہ و طالبات کی شرکت

لاہور(صباح نیوز) اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے زیر اہتمام عظیم الشان فلسطین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے ناظم جامعہ عثمان کھٹانہ نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے غیور طلبہ و طالبات فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ فلسطین پر اسرائیل کے ناجائز قبضہ ختم کیے بغیر پائیدار امن کا حصول ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں زندگی بچانے والی ادویات اور ضروری اشیا کی شدید قلت ہے۔ پنجاب یونیورسٹی میں فلسطینی مسلمانوں کی امداد کے لیے ریلیف کیمپ لگائے جائیں گے۔مزید برآں سیکرٹری اطلاعات ابراہیم شاہد کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات، اساتذہ اور ملازمین کی بڑی تعداد نے مارچ میں شرکت کی، عظیم الشان مارچ میں شریک طلبہ نے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور طلبہ نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ فلسطین مارچ سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ سے شروع ہو کر فیصل آڈیٹوریم پر اختتام پذیر ہوا۔۔