بٹگرام ریسکیو آپریشن میں شریک رضاکاروں نے شاندار کارنامہ سر انجام دیا۔ڈاکٹر حفیظ الرحمن

لاہور(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے  بٹگرام چیئر لفٹ  کے حوالے سے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے  رضاکاروں کو خراج تحسین خدمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانیں بچانے کے لیے  الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں سمیت فوج اور مقامی افراد کو  سلام پیش کرتے ہیں۔ہمیں اِن رضاکاروں پر فخر ہے جنہوں نے مشکل حالات اور کم وسائل کے باوجود پامردی سے کام لیتے ہوئے قیمتی انسانی جانیں بچائیں۔نوجوان کسی بھی قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں اورقوموں کی ترقی نوجوانوں کی بہتر سمت رہنمائی اور کردارسازی میں منحصر ہے۔ہمارے نوجوان ہمارا فخر ہیں جنہوں نے کبھی ہمیں مایوس نہیں ہونے دیا۔ جنہوں نے ہر سانحہ،ہر مشکل گھڑی میں آگے بڑھ کر خدمات سر انجام دیں اور اپنے انسان ہونے کا ثبوت دیا۔ جس قوم میں دوسروں کی مدد کرنے کا جذبہ ہوتا ہے وہ قوم کبھی بھی ناپید نہیں ہوتی بلکہ ہمیشہ پھلتی پھولتی ہی ہے۔