لکی مروت، پولیس کی مشتعل مظاہرین پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، 4زخمی


لکی مروت (صباح نیوز) لکی مروت کے علاقہ درہ پیزو میں سیمنٹ فیکٹری کے ساتھ ترقیاتی کاموں سے متعلق ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف احتجاج کرنے والے مشتعل مظاہرین پرپولیس کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے، لواحقین اور اہل علاقہ نے لاش سڑک پر رکھ کر پشاور کراچی انڈس ہائی وے بلاک کردیا۔

تفصیلات کے مطابق لکی مروت کے علاقے درہ پیزو میں مبینہ طور پر پولیس کی مظاہرین پرفائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ سے جاں ہونے والے شخص کی لاش اور زخمیوں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اسپتال انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ جاں بحق شخص گولی لگنے سے جاں بحق ہوا ہے۔

درہ پیزو کے اہل علاقہ اور سیمنٹ فیکٹری کے مابین ترقیاتی کاموں کا معاہدہ ہوا تھا، تاہم فیکٹری منتظمین کی جانب سے معاہدے کی پاسداری نہ ہونے پر اہل علاقہ احتجاج کررہے تھے۔ احتجاجی مظاہرین کو منتشرر کرنے کے لئے پولیس نے 4 مظاہرین کو گرفتار کرلیا، جس پر عوام مشتعل ہوگئے اور تھانے کی جانب جانے کی کوشش کی، جس پر مبینہ طور پر پولیس نے فائرنگ کردی اور ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب پولیس حکام نے بتایا کہ مظاہرین تھانے پر حملہ کرنے جارہے تھے اور انہوں نے پولیس پر فائرنگ کی، پولیس نے اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کی، تاہم یہ واضح نہیں کہ جاں بحق ہونے والا شخص پولیس کی فائرنگ سے مرا۔ واقعے کے بعد اہل علاقہ اور جاں بحق شخص کے لواحقین نے نعش شاہراہ پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا ہے، اور پشاور کراچی انڈس ہائی وے بلاک کردیا، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔