خیبرپختونخوا میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، الیکشن کمیشن


پشاور(صباح نیوز)خیبرپختونخوا میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے،الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ عوام بلا خوف وخطرووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشنزآئیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ میں مداخلت، رکاوٹ ڈالنے پرسخت قانونی کارروائی کی جائے گی، شرپسند عناصر، بدامنی پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، تمام سیکیورٹی ادارے اورانتظامیہ چوکس اور مستعد رہیں۔پشاورکی تحصیل متھرا میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہوگئی ہے، کل ایک سوپچپن پولنگ اسٹیشنوں میں چوراسی حساس ترین ہیں۔جے یو آئی کے چیرمین کے انتقال کے بعد تحصیل متھرا میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں 6 امیدوارمدمقابل ہیں۔

حلقے میں ووٹرزکی مجموعی تعداد 2 لاکھ 18 ہزار 630 ہے۔مرد ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 20 ہزار738 ہے، خواتین ووٹرز کی تعداد 97 ہزار892 ہے۔ تحصیل متھرا میں 155 پولینگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔جے یو آئی سے رفیع اللہ، پی ٹی آئی سے انعام اللہ، جماعت اسلامی سے افتخار احمد، اے این پی سے عزیز غفار خان، پی پی پی سے علی عباس خان اور ن لیگ سے فضل اللہ میدان میں ہیں۔

دوسری جانب تحصیل حویلیاں چیئرمین ضمنی الیکشن پولنگ جاری ہے۔ ن لیگ کے ملک طلحہ،پی ٹی آئی کے افتخارخان میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔نشست عاطف منصف تحصیل چیئرمین قتل پر خالی ہوئی تھی۔تحصیل حویلیاں 9 یونین کونسلز 34 ویلج کونسلزپرمشتمل ہے۔