سی پی این ای کا روزنامہ سرخاب پشاور کی ڈیکلیریشن فوری بحال کرنے کا مطالبہ

کراچی (صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)نے اپنے رکن اخبار روزنامہ سرخاب پشاور کی خیبرپختونخوا نگراں حکومت کی جانب سے ڈیکلیریشن منسوخ کرنے اور اخبار کی اشاعت کی بندش پر شدید مذمت اور تشویش کا اظہار کیا ہے اور روزنامہ سرخاب کا ڈیکلیریشن فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ سی پی این ای کے صدر ارشاد احمد عارف، سیکریٹری جنرل اعجازالحق اور نائب صدر طاہر فاروق نے مشترکہ بیان میں کیا ہے۔

سی پی این ای کے رہنماؤں نے واضح کیا ہے کہ روزنامہ سرخاب سی پی این ای کا رکن اور پشاور کا ریگولر اخبار ہے جس سے متعدد میڈیا ملازمین کا روزگار وابستہ ہے۔ بادی النظر میں روزنامہ سرخاب کی بندش محض سیاسی انتقام معلوم ہوتی ہے جو قابل مذمت عمل ہے۔ خیبرپختونخوا نگراں حکومت کے اس اقدام سے اخباری اداروں میں شدید تشویش اور میڈیا ملازمین کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔ سی پی این ای کے رہنمائوں نے خیبرپختونخوا نگراں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اخباری اداروں کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے گریز کیا جائے اور روزنامہ سرخاب پشاور کا ڈیکلیریشن فوری طور پر بحال کیا جائے۔