معرکہ چھمب کی گولڈن جوبلی پر خصوصی تقریب


راولپنڈی (صباح نیوز)1971 میں پاک بھارت کے درمیان معرکہ چھمب کی گولڈن جوبلی پر راولپنڈی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق معرکہ چھمب کی عظیم فتح کی گولڈن جوبلی اور مادر وطن کے جری سپوتوں کی جرات و بہادری کو یاد کرنے کے لیے راولپنڈی میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ، تقریب میں چھمب آپریشن کے سابق فوجیوں نے شرکت کی جنہوں نے انتہائی مشکل حالات میں اپنے جنگی تجربات شیئر کیے۔

اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے خطاب کے دوران چھمب کے شہدا اور غازیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور پاک فوج کی جانب سے کئے گئے ایک انتہائی جرات مندانہ آپریشن میں حصہ لینے والے تمام رینکس کے حوصلے اور عزم کو سراہا۔1971

کی پاک بھارت جنگ کے دوران چھمب کا وہ مقام جہاں پاک فوج کے جنرل آفیسر کمانڈنگ 23 انفنٹری ڈویژن میجر جنرل افتخار جنجوعہ کی بہترین حکمت عملی اور ناقابل تسخیر جذبے نے افرادی قوت اور جنگی سازو سامان کے لحاظ سے کئی گناہ بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبواتے معرکہ چھمب میں فتح حاصل کی۔ آج بھی 1971 کی چھمب کی لڑائی آپریشنل حکمت عملی، یونٹس کے کردار، ٹینکوں کے بہترین استعمال اور سب سے بڑھ کر جنگی کمانڈر کی شخصیت اور قیادت کی طاقت کی اعلی مثال ہے۔

ہندوستانی لکھاریوں نے بھی 1971 کی جنگ کو بھارت کے لئے ناقابل فراموش اور شرمناک نقصان قرار دیا ہے۔

ہندوستانی مصنفین کے مطابق مغربی محاذ پر ہندوستانی فوج کی کل ہلاکتیں 4958 تھیں جبکہ صرف 23 انفنٹری ڈویژن کیخلاف چھمب کے محاذ پر 2216 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے۔