حکمران اپنی بنیادی ذمہ داریاں بھول چکے ہیں ، پروفیسر ابراہیم

پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ پانی اللہ تعالی کی بڑی نعمتوں میں سے ہے۔شہریوں کو صاف پانی اور بہتر خوراک فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن حکمران اپنی بنیادی ذمہ داریاں بھول چکے ہیں،جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن پورے ملک میں قدرتی آفات میں لوگوں کی مدد کے لئے موجود ہوتی ہے، الخدمت فاؤنڈیشن دیگر سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ صاف پانی کی فراہمی کے لیے بھی کوشاں ہے۔ صاف پانی لوگوں کی بنیادی ضرورت ہے، فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب سے عوام کو انتہائی سستے داموں صاف اور معیاری پانی ملے گا، الخدمت فاؤنڈیشن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس منصوبے میں تعاون کرنے پر شیخ مشائل ضیف اللہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بٹ خیلہ میں الخدمت فاؤنڈیشن مالاکنڈ کے زیر اہتمام واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ملاکنڈ کے امیر شہاب حسین، صدر الخدمت سہیل خٹک، سابق امیر مولانا جمال الدین، امجد علی شاہ اور حاجی امان گل المعروف جاپان حاجی صیب بھی موجود تھے۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے لیے نئی قیمتی گاڑیاں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ نے نرالی منطق اپنائی ہے کہ ان کے پاس گاڑیاں نہیں ہوں گی تو یہ کام کیسے کریں گے۔ افسوس کا مقام ہے کہ جو حکمران امداد دے رہے ہیں وہ تو سائیکل استعمال کرتے ہیں لیکن امداد لینے والے ”حکمران” بڑی اور قیمتی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں۔ یہ اس ملک کے عوام کے ساتھ مذاق اور ظلم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت میں بھی کچھ لوگ 55 روپے کلومیٹر کے حساب سے ہیلی کاپٹر اڑا کر قوم کا مذاق اڑاتے رہے، حکمرانوں کے ان چونچلوں کی وجہ سے عوام سخت تکلیف میں ہوتے ہیں ،حکمران کمفرٹ لیول سے نکلیں، ساری سختیاں عوام کے لیے نہ چھوڑیں، کچھ خود بھی برداشت کریں۔  ان کے کمفرٹ لیول کی وجہ سے قوم تکلیف میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے صالح اور نیک لوگوں کو حکمران بنایا ہوتا تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن کا سال ہے، عوام کے پاس اب بھی موقع ہے کہ کرپٹ اور ان کا خون نچوڑنے والے حکمرانوں سے جان چھڑائیں اور نیک، صالح، دیانتدار اور امانتدار قیادت کو اسمبلیوں میں پہنچائیں۔ جماعت اسلامی کے پاس ایسی قیادت موجود ہے۔ عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کرے، اس ملک کو جماعت اسلامی ہی بحرانوں سے نکالے گی۔