خیبر(صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں کے علاقے جمرود کی مسجد میں خودکش دھماکے میں ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید ہوگیا۔ترجمان خیبر پولیس کے مطابق علی مسجد میں دھماکہ ہوا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچیں۔دھماکے میں ایک پولیس افسر ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شدید زخمی ہوئے ۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاسکے۔آئی جی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ مشکوک شخص نے خالی مسجد میں گھسنے کی کوشش کی، ایڈیشنل ایس ایچ او کے روکنے پر اس نے اپنے آپ کو اڑایا۔
ڈی پی او خیبر کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت معلوم کر رہے ہیں،پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خود کش تھا، خود کش حملہ آور نے نو تعمیر شدہ مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی اور جب پولیس نے اس کی تلاشی لینا شروع کی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔آئی جی خیبر پختونخوا پولیس نے بتایا کہ تصدیق کی ہے کہ دھماکا خود کش تھا اور مشکوک شخص نے تلاشی کے دوران خود کو دھماکے سے اڑایا۔ مشکوک شخص مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک حملہ آور فرار ہوگیا ہے جس کی تلاش جاری ہے جبکہ دھماکے کی جگہ سے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔