کراچی(صباح نیوز)پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گلگت بلتستان کی کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سندھ کا اجلاس منعقد ہوا۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ بلاول ہاس میں ہونے والے اجلاس میں پی پی پی گلگت بلتستان کے صدر امجد ایڈوکیٹ اور نائب صدر محمد علی اختر موجود تھے۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔بلاول بھٹو زرداری کو اجلاس میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں غیرمعمولی تاخیر سے کام لے رہی ہے۔
گلگت بلتستان کے اسٹیٹس کے حوالے سے آئینی اصلاحات میں بھی پی ٹی آئی حکومت غیرمعمولی تاخیر سے کام لے رہی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ بالخصوص کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گلگت بلتستان کے رہنے والے پی پی پی کے ساتھ کھڑے ہیں۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سے گلگت بلتستان کے عام انتخابات کا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے بلدیاتی انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔ سندھ میں رہنے والے گلگت بلتستان کے شہریوں کے ساتھ پی پی پی کی صوبائی حکومت کا تعاون شک و شبہے سے بالاتر ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حوالے سے پی ٹی آئی حکومت کے تاخیری حربے ناقابل قبول ہیں۔ اجلاس میں نورعالم خان، سردار خان، شوکت علی شاہ، ذاکر بلتی، کرار شاہ، مرتضی کاظم، اعجاز بلتی، عباس علی، اسرار، روحیل، حاجی علی حیدر، اکبر گلگتی اور شریف شریک ہوئے۔