حکومت صحت کی بہترین خدمات کی فرا ہمی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے،ثمینہ عارف علوی


کراچی(صباح نیوز)خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو صحت کی بہترین خدمات فراہم کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ، طلبا اپنی پڑھائی کے عملی پہلووں اور دائرہ کار پر یکساں توجہ دیں تاکہ تعلیم مکمل کرنے کے بعدان کو ملازمتیں مل سکیں، اقرا یونیورسٹی کی انتظامیہ عوامی آگاہی کے لیے کم مراعات یافتہ علاقوں میں بھی صحت سے متعلق آگاہی کیمپ لگائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اقرایونیورسٹی نارتھ کیمپس کے طلبا اور فیکلٹی ممبران سے یونیورسٹی کے زیر اہتمام جسمانی تندرستی کے حوالہ سے پوسٹرسازی مقابلے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے پوسٹر سازی مقابلے کے انعقاد پر طلبا، فیکلٹی ممبران اور اقرا یونیورسٹی کی انتظامیہ کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کے تیار کردہ پوسٹرز بہت معلوماتی ہیں ، صحت اور تندرستی کے بارے میں آگاہی کے حوالے سے بہت مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کے پوسٹرز کو سکولوں میں بھی آویزاں کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ طلبہ میں جسمانی تندرستی کو برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے بہت مفید ثابت ہوں گے۔انہوں نے طلبا کے مسکراتے چہروں کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کی پڑھائی میں جوش اور دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔بیگم ثمینہ عارف علوی نے اقرایونیورسٹی کی طلبا کو بھی مشورہ دیا کہ وہ خصوصی بچوں میں اچھی صحت برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھی کام کریں۔

خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ معذور افرادکو بھی ہم سب کے تعاون کی ضرورت ہے، مختلف صلاحیتوں کے حامل بچے بھی عام زندگی گزارنے اور معاشرے کا کارآمد شہری بننے کے لیے ہمدردی حاصل کرنے کے مستحق ہیں۔خاتون اول نے کہا کہ اقرا یونیورسٹی کی انتظامیہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے کم مراعات یافتہ علاقوں میں بھی صحت سے متعلق آگاہی کیمپ لگائے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو صحت کی بہترین خدمات فراہم کرنے پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

قبل ازیں انہوں نے پوسٹرسازی مقابلے کا جائزہ لیا اور شرکا کے تیار کردہ پوسٹرز میں گہری دلچسپی لی۔اس موقع پر اقرا یونیورسٹی کی جانب سے خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی کو شیلڈ بھی پیش کی گئی۔بعد ازاں بیگم ثمینہ عارف علوی نے پوسٹر مقابلے کے فاتح اور رنر اپ کو شیلڈز دیں ۔