پشاور (صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے 400 ایکس سروس مین اہلکار بھرتی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ضلع کرم میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس نفری بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئی جی خیبر پختونخوا نے اس حوالے سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو مراسلہ لکھا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کرم کی اہم شاہرہ کو محفوظ اور پرامن بنایا جائے اور ٹل پاڑا چنارروڈ کی سیکیورٹی کے لیے 400 ایکس سروس مین اہلکار بھرتی کیے جائیں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا کہ ایکس سروس مین میں 350 سپاہی اور 50 ہیڈ کانسٹیبل کی کئی پوسٹیں مرتب کی گئی ہیں۔
ایکس سروس مین کی بھرتی کا مقصد ٹل پارا چنار کی مین سپلائی لائن کو محفوظ بنانا ہے۔ بھرتی رواں اور اگلے مالی سال کے لیے کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ آئی جی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایکس سروس مین کی بھرتی کا عمل مکمل ہوتے ہی شاہراہ پر پولیس پوسٹیں قائم کی جائیں۔