اسلام آباد(صباح نیوز)وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے ضلع خیبر کے باڑہ بازار میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیرِ اعظم نے واقعہ میں پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔وزیرِ اعظم نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعاکی ۔وزیرِ اعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے مشتبہ افراد کو روک کر اور اپنی جانوں پر کھیل کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اپنی جان پر کھیل کرعوام کی حفاظت یقینی بناتے ہیں،مجھ سمیت پوری قوم پولیس کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے باڑہ بازار خیبر میں دہشت گرد وں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔
جاری اپنے بیان میں رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکار کے بلند درجات کیلئے دعا گو ہوں۔دہشت گردی کا قلع قمع کر کے ہی دم لیں گے،ہمارے جوانوں کی قربانیاں تاریخ رقم کر رہی ہیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،دہشت گردوں کے آخری ٹھکانے کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،دہشت گردوں کے بزدلانہ وار ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی خیبر میں تحصیل کمپاؤنڈ پر بم دھماکے کی مذمت کی ہے ۔آصف علی زرداری نے خیبر میں تحصیل کمپاؤنڈ پر بم دھماکے کی مذمت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن اور ناقابل معافی ہیں۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے باڑہ بازار میں خودکش دھماکے میں 1 پولیس اہلکار شہید جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے تھے۔