صوبائی حکومتیں قیمتیں کنٹرول کرنے کے اقدامات کریں، شوکت ترین


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتیں اشیا ئے ضروریہ کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت نیشنل پرائس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اشیا ئے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ایس پی آئی میں صفر اعشاریہ 40فیصد اضافہ ہوا جبکہ 5اشیا کی قیمتوں میں کمی سے صفر اعشاریہ 12 فیصد کمی ہوئی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ 23اشیا کی قیمت میں استحکام رہا جبکہ 23اشیا کی قیمت میں اضافہ ہوا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹماٹر، ایل پی جی، انڈوں اور دوسری اشیا کی قیمت میں اضافہ ہوا جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل سے ایل پی جی کی قیمت پر اثر ہوا۔

اجلاس میں گندم کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور بتایا گیا کہ پنجاب اور سندھ میں گندم کی کاشت اطمینان بخش ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کے پی اور بلوچستان میں خشک سالی کی وجہ سے گندم کی کاشت متاثر ہوئی ہے، چینی کے ذخائر میں بہتری سے قیمت میں کمی ہوگی۔شوکت ترین نے دوران اجلاس کہا کہ چینی کی قیمت میں اضافے پر خدشات ہیں، صوبائی حکومتیں قیمت کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات کریں۔