اسلام آباد(صباح نیوز) حکومت نے نیب قانون میں مزید ترامیم لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عوام سے دھوکہ اور فراڈ کے کیسز دوبارہ نیب کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مضاربہ کیسز بھی دوبارہ نیب کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیب قانون میں ترامیم کے حوالہ سے آرڈیننس جلد جاری کیا جائے گا ۔ اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں جو کیسز چل رہے تھے اور نیب درجنوں ایسے کیسز کی انکوائری اور تحقیقات کر رہا تھا کہ جن کا تعلق عوام الناس کے ساتھ فراڈ اور ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے کیسز تھے تاہم نیب ترمیمی آرڈیننس 2021 ء کے اجراء کے بعد یہ کیسز نیب کے دائرہ اختیار سے نکل چکے تھے اور ان کا کوئی مستقبل نظر نہیں آ رہا تھا۔
وفاقی حکومت نے دوبارہ فیصلہ کیا ہے کہ عوام الناس کے ساتھ ہونے والے فراڈ کے کیسز دوبارہ نیب کے حوالہ کئے جائیں گے اور اس حوالہ سے جلد آرڈیننس جاری کر دیا جائے گا ۔ دھوکہ دہی ، فراڈ اور کریمنل بریچ کے کیسز دوبارہ نیب کے حوالہ کر دئیے جائیں گے ۔