اسلا م آباد(صباح نیوز)بھارت سے 1971 میں جنگ کے دوران پاک بحریہ کی بہادرانہ داستان اور آبدوز ہنگور کی کارروائیوں پر بنی ٹیلی فلم ہنگور کو ریلیز کردیا گیا۔زاہد احمد، صبا قمر، درفشاں سلیم، نیر اعجاز، جاوید شیخ، سلیم شیخ، وحید عفن اور شہزاد شیخ سمیت دیگر کاسٹ پر مبنی فلم کو گذشتہ روز ایک نجی ٹی وی پر نشر کیا گیا۔ساتھ ہی پونے دو گھنٹے کی فلم کو یوٹیوب پر بھی ریلیز کردیا گیا۔
ہنگور کو بنانے کا اعلان رواں برس ستمبر میں کیا گیا تھا، جس کے بعد نومبر میں اس کا ٹیزر بھی جاری کیا گیا تھا۔رواں ماہ 11 دسمبر کو ہنگور کا ٹریلر جاری کیا گیا تھا اور خیال کیا جا رہا تھا کہ اسے ممکنہ طور پر 16 دسمبر کو پیش کیا جائے گا، تاہم اسے 26 دسمبر کو نشر کیا گیا۔
ٹیلی فلم کی مرکزی کہانی 1971 کی پاکستان اور بھارت کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کی دلیرانہ کارروائیوں اور پاک نیوی کی آبدوز ہنگور کی کارروائی کے گرد گھومتی ہے۔ٹیلی فلم کی کہانی بنگلادیش کو پاکستان سے الگ کرنے کی سازشی جنگ میں بھارتی منصوبوں کی ناکامی کے گرد گھومتی ہے۔
ٹیلی فلم میں پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور کی جانب سے 9 دسمبر 1971 کو بھارتی جنگی آبدوزوں ککری اور کرپان کی تباہی کے قصے کو دکھایا جائے گا۔فلم میں زاہد احمد، صبا قمر، درفشاں اور عفن وحید کے کرداروں کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
مذکورہ ٹیلی فلم سے قبل بھی پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور پاک فوج کی بہادرانہ کارروائیوں پر چند ڈرامے، ٹیلی فلمیں اور فیچر فلمیں بھی ریلیز کی جا چکی ہیں۔
حالیہ چند سال میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے تعاون سے خانگی پروڈکشن ہاوسز نے تینوں مسلح افواج کی بہادرانہ کارروائیوں پر متعدد ٹیلی فلمیں، ڈرامے اور مختصر سیریز بھی جاری کی ہیں