اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی پانچویں لہر بھی آسکتی ہے ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی پانچویں لہر بھی آسکتی ہے۔ ملک میں اب بھی کروڑوں لوگوں کو کرونا ویکسین لگنا باقی ہے تاہم ویکسین کے حوالے سے اپنے ٹارگٹ حاصل کئے ہیں لیکن جن لوگوں نے ابھی ویکسین نہیں لگوائی ہے ان کو ابھی بھی انفکیشن ہوسکتا ہے لہذا لوگوں کو ویکسین جلد لگوانی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں نے ماسک کا استعمال ترک کردیا ہے جو خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مجموعی طور پر 15 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگنی ہے تاہم اب تک اس تعداد میں 26 فیصد مکمل ویکسین شدہ اور 20 فیصد افراد کو ویکسین کی ایک خوراک لگ چکی ہے۔
ڈینگی کے حوالے سے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ملک میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈینگی وائرس میں 3،4 عوامل شامل ہیں۔ ڈینگی کا وائرس، اس کا مچھر اور موسمیاتی تبدیلی بھی اس کی وجہ ہے۔ شہروں میں صفائی اور قوت مدافعت بھی اثر انداز ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں 10 سال قبل ڈینگی کی خطرناک لہر آئی تھی اور ہر چند سال میں ڈینگی وائرس کی لہر آتی ہے۔ ڈینگی کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں تاہم پبلک ہیلتھ ورک فورس کی تعداد محدود ہے اور پرائمری ہیلتھ سسٹم آرگنائزاسٹرکچرکے طور پر موجود نہیں ہے اور اس معاملے میں مزید کام ہونا باقی ہے۔