پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ سود کا مجموعہ ہے۔ ساڑھے چودہ ہزار ارب روپے کے بجٹ میں سے ساڑھے سات ہزار ارب سودی قرضوں میں چلا جائے گا۔ نظام چلانے کے لیے حکومت کو سود پر مزید قرضے لینے پڑیں گے جس کا بوجھ عوام پر پڑے گا۔ حکمرانوں نے اپنے خرچے کم کرنے کی بجائے اخراجات میں اضافہ کردیا ہے۔ وزیرستان سے لے کر چترال تک پاک افغان سرحد پر بند چیک پوائنٹس افرادی آمد و رفت اور اشیا کی نقل و حمل لیے کھولے جائیں۔ ضلع کرم میں دو پوائنٹس بند جبکہ صرف ایک پوائنٹ خرلاچی کھلا ظے، باقی دو پوائنٹس بھی کھولے جائیں تاکہ عوام کی مشکلات کم ہوں۔ جماعت اسلامی پاکستان کو مہنگائی، بے روزگاری، بے حیائی، کرپشن، لاقانونیت، سودی معیشت سے نجات دلانا چاہتی اور اسلام کے عادلانہ نظام کے ذریعے پاکستان کو امن و امان کا گہوارہ بنانا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کرم کے زیرِ اہتمام بگن بازار میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے نائب امیر مولانا تسلیم اقبال، ضلع کرم کے امیر حاجی محمد کریم، سابق امیر حکمت خان حکمتیار اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر صوبائی امیر نے جماعت اسلامی کرم کے ضلعی دفتر کا بھی افتتاح کیا۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد ابراہیم خان کا مزید کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کا انضمام قبائلی عوام کی خواہش تھی، لیکن اس وقت حکومت نے ان کے ساتھ جو وعدے کیے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں ہوا، ایف ڈی پی کا تین فیصد ضم اضلاع کو نہ مل سکا، ضم اضلاع انضمام کے بعد بھی ترقی کے میدان میں باقی ملک سے پیچھے ہیں۔ حکومت اپنے وعدے پورے کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد کے دونوں اطراف ایک قوم آباد ہے، ان کی زبان، رہن سہن، مذہب، رسوم و رواج سب ایک ہیں، لیکن ان کے درمیان سرحد کی دیوار حائل کردی گئی ہے، یہ نہ امریکہ اور بھارت کے مفاد میں تو ہوسکتا ہے، پاکستان اور افغانستان کے مفاد میں ہرگز نہیں ہے۔ یورپ کے ایک ملک کا ویزہ پورے یورپ کے لیے کافی ہوتا ہے، امریکہ اور کینیڈا کی سرحد پر بھی ویزے کی پابندی نہیں ہے لیکن پاکستان اور افغانستان کے درمیان پابندی ہے۔ اس ظلم کو بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ قبائلی عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ ان شااللہ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر قبائل کی محرومیاں ختم کرے گی، بند سرحدیں کھولے گی اور قبائلی عوام کو درپیش مسائل حل کرے گی۔ عوام عام انتخابات میں جماعت اسلامی اور ترازو کے حق میں ووٹ استعمال کریں۔
Load/Hide Comments