پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ حکومت نے خسارے کا بجٹ پیش کردیا ہے۔ 14 ہزار 430 ارب روپے میں سے 7303 ارب روپے خسارہ ہے لیکن حکمرانوں کی شاہ خرچیوں میں کمی نہیں آئے گی۔ لوڈ شیڈنگ عام عوام کے لیے ہوگی، حکمران اس سے محفوظ ہوں گے۔ ججوں، جرنیلوں اور حکمرانوں کے لیے اربوں روپے ہوں گے لیکن ہمارے صوبے کے سرکاری ملازموں کی تنخوائیں بڑھانے کے لیے رقم نہیں ہوگی اور صدر اور وزیراعظم کے اسٹاف کے لیے سب کچھ وافر ہوگا۔ جماعت اسلامی ایسے نظام کا خاتمہ چاہتی ہے اور عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کا نظام نافذ کرنا چاہتی ہے۔ پاکستان کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کے نظام میں ہے۔ جب تک یہ نظام نافذ نہیں ہوگا مسائل برقرار رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تور غر (کالا ڈھاکہ) کی تحصیل جدبا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکرز کنونشن سے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے نائب امیر مولانا عبید الرحمن عباسی، ضلعی امیر ڈاکٹر سراج محمد، مانسہرہ کے امیر ڈاکٹر طارق شیرازی، بٹگرام کے امیر محمد رفیق، عارف منصوری اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر لقمان حکیم باچا نے اے این پی، مولانا ہدایت اللہ نے جمعیت علما اسلام، عبدالمجید امجد نے پی ٹی آئی، صدر تاجران سرزمین خان، ڈپٹی چیئرمین ویلج کونسل حمید خان سمیت 29 افراد نے مختلف جماعتوں سے مستعفی ہو کر اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ صوبائی امیر نے نئے شامل ہونے والوں کو جماعت اسلامی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور انہیں پارٹی کیپ اور مفلر پہنائے۔ ورکرز کنونشن سے اپنے خطاب میں صوبائی امیر جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم خان کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے دستک مہم شروع کی ہے جس کا مقصد عوام تک جماعت اسلامی کی دعوت اور پیغام پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن سے پاک معاشرہ بنانا چاہتی ہے۔ ہم پاکستان میں امن کی بحالی اور سودی معیشت کے خاتمے کی خواہاں ہیں، سود اللہ اور رسول سے جنگ ہے لیکن اس وقت بھی آدھے سے زیادہ بجٹ سود کی نظر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دہشت گردی، جہالت، غربت، بے حیائی کا خاتمہ اور اس ملک میں اسلام کا عادلانہ نظام قائم کرنا چاہتی ہے۔ عوام اپنے اور پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔