قائداعظم نے انتھک محنت سیاسی جدوجہد سے ہمیں آزاد مملکت کا تحفہ دیا ، فواد چوہدری


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی انتھک محنت اور با اصول سیاسی جدوجہد سے ہمیں آزاد مملکت کا تحفہ دیا۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں کہا کہ قائداعظم نے پاکستان کی صورت میں ایسی ریاست کی تشکیل ممکن بنائی جہاں رنگ و نسل، مذہبی، لسانی کسی تفریق  بغیر تمام شہریوں کو زندگی گزارنے اور ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح وزیراعظم عمران خان کے رول ماڈل ہیں، وزیراعظم عمران خان ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں معاشی اور ثقافتی اقدار مضبوط اور اقوام عالم میں اس کا مقام بلند تر ہو۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں فرقہ واریت اور شدت پسندی جیسے ملک دشمن عناصر سے چھٹکارا حاصل کر کے ایک متحد اور یکجا قوم کی حیثیت سے آگے بڑھنا ہوگا۔بابائے قوم کے یوم پیدائش پر ہم اس عزم کا عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک مثالی ملک بنائیں گے۔فواد چوہدری نے ٹویٹرپرپیغام میں کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے۔انہوں نے کہاکہ مسیحی شہریوں نے پاکستان کی مضبوطی، ترقی، خوشحالی اور یکجہتی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔تعلیم، صحت اور زندگی کے دیگر شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات قابل تعریف ہیں ۔

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ (ن) لیگ والے بوٹ پالش کا سامان لے کر کھڑے ہیں لیکن کوئی بوٹ آگے نہیں کر رہا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پربیان میںانہوں نے کہا کہ جو لوگ وطن واپسی کے لئے ڈیلوں کا انتظار کریں وہ سیاست میں ہمیشہ بونے ہی رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)والے بوٹ پالش کا سامان لے کر کھڑے ہیں، لیکن کوئی بوٹ آگے نہیں کر رہا، آپ پاکستان کا تاریک دور ہیں، ہوائوں کا رخ اب آپ کا نہیں، جب روشنی ہو جائے تو تاریکی ختم ہو جاتی ہے، پاکستان میں یہی ہوا ہے۔