اسلام آباد(صباح نیوز)سیکرٹری پاور ڈویژن نے کہاہے کہ گیس کی فراہمی 15جنوری تک مزید کم ہوجائے گی۔
سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پاور کا سینٹر سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ زیر غور آیا، اجلاس میں کمیٹی ارکان بجلی کے بل زیادہ آنے پر پھٹ پڑے اور کہا کہ خیبرپختونخوا میں انڈسٹری کے بجلی بل بہت زیادہ آئے ہیں۔
سینٹر ہدایت اللہ نے کہا کہ میرا لاجز میں بجلی کا بل 32ہزار روپے سے زائد آیا ہے، 18ہزار 362روپے بجلی قیمت اور باقی ٹیکسز شامل ہیں جس پر سیکرٹری پاور آصف حسین نے کہا کہ میرا بجلی کا بل بھی اتنا ہی آیا ہے۔سینٹر ثنا ء جمالی نے کہا کہ کوئٹہ میں 12گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہے مگر بل بہت زیادہ آرہے،
اس موقع پر چیئرمین کمیٹی سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ وزیر توانائی کے اور بھی مسائل ہیں، گیس کہیں گم ہوگئی ہے یا نہیں مل رہی اس کو بھی ڈھونڈنا ہے۔پاور ڈویژن حکام اجلاس کو بتایا کہ اکتوبر میں فرنس آئل، ایل این جی اور کوئلہ مہنگا ملا جبکہ 15 جنوری تک گیس کی فراہمی مزید کم ہوجائے گی۔