سرائے نورنگ(صباح نیوز)ضلع لکی مروت کے بیٹنی سب ڈویژن میں دو افراد کوفائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ولی اللہ اور زاہد اللہ کے نام سے ہوئی اور ان پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ چیچندی کے علاقے سے لنڈی آدم خان تاجبی خیل کی طرف ٹریکٹر ٹرالی میں شنگل پتھر لے جا رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان اکرم بیگ، دلجان اور ادریس خان دوہرے قتل کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ حملے میں محفوظ رہنے والے امان اللہ نے ورگاڑی پولیس کو بتایا کہ چیچندی علاقے میں زیر تعمیر ویٹرنری ہسپتال کع اینٹیں لے جانے کے تنازعے پر مسلح افراد نے اس کے بھائی ولی اللہ اور زاہد اللہ کو قتل کردیا۔انہوں نے کہا کہ اینٹوں کو اتارنے کے بعد ہم نے ٹریکٹر ٹرالی میں شنگل پتھر لوڈ کئے اور لنڈی آدم خان تاجبی خیل کے لیے روانہ ہو گئے،ملزمان نے سمن خلہ کے قریب ٹریکٹر کو روکا اور ہسپتال کے منصوبے پر اینٹیں لے جانے پر ہم سے جھگڑا کیا،ملزمان کا کہنا تھاکہ ان کا ہسپتال منصوبے منصوبے پر تنازعہ ہے اس لیے ہمیں اینٹیں نہیں پہنچانا چاہیے تھیں۔
انہوں نے پولیس کو بتایا کہ حملہ آوروں نے انہیں ٹریکٹر چھوڑنے کو کہا اورانکار پر اکرم بیگ اور دل جان نے اپنے ساتھی ادریس کے کہنے پر کلاشنکوفوں سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں زاہد اللہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ولی اللہ شدید زخمی ہو گیا، زخمی ولی اللہ ہسپتال منتقل کرتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں جبکہ ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔