خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک میں یوم تکریم شہدا ء پاکستان کے حوالہ سے سیمینار اور واک کاانعقاد

کرک(صباح نیوز)خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک میں جمعرات کے روز یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر ایک سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا، جس میں ان بہادر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے قوم کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

اس ضمن میں جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سردار خان سمیت معزز فیکلٹی ممبران، انتظامیہ کے افسران ، سٹاف اور پرجوش طلبا کی ایک بڑی تعداد نے ان تقاریب کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔دن کا آغاز ایک سیمینار سے ہوا، جس نے حاضرین کو یوم تکریم شہدائے پاکستان کی اہمیت سے روشناس کرانے اور ہماری قوم کے بہادر ہیروز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا۔مقررین جن میں رجسٹرار محمد رشاد خٹک، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد زبیرمیں ڈپٹی رجسٹرار اکیڈمکس محمد رحیم، ڈپٹی پروسٹ ذوالفقار علی انجم اور شعبہ انگلش کے لیکچرر ڈاکٹر فصیح الرحمان شامل تھے نے شہدا کی ملک کے لئے بہادری اور قربانی پر روشنی ڈالی ۔

سیمینار میں، پی ایس ٹو وائس چانسلر صادق اللہ خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عبدالبصیر اور نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر علی عباس سمیت دیگر معززین نے بھی شرکت کی.شرکا نے شہداء کی قربانیوں پر اظہار تشکر کیا اور پاک فوج کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران ماحول حب الوطنی کے جذبے سے گونج اٹھا جب حاضرین نے پرجوش انداز میں شہدا ء اور قوم کا دفاع کرنے والے بہادر سپاہیوں کے حق میں نعرے لگائے۔سیمینار کے بعد، ایک علامتی واک کا اہتمام کیا گیا، جس کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شہید ہونے والے ہیروز کے لیے تعظیم کے پیغامات درج تھے۔ واک یونیورسٹی کیمپس سے ہوتی ہوئی اختتام پذیر ہوئی، جس میں شرکاء نے پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کا۔