اسلام آباد(صباح نیوز) سابق وزیراعظم و پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مداخلت ختم ہوگی تو حکومت ایک دن بھی نہیںچلے گی، عدم اعتماد کیلئے172 اراکین کو ایک ساتھ اسمبلی پہنچنا ہوگا۔ ایف آئی اے نیب اور پولیس بندے لے جائے تو کیا ہوگا حالات دیکھ کر تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ کریں گے۔
ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے ۔ اپوزیشن نے تبدیلی کی کوشش کرنی ہے ۔ آئینی تبدیلی اس نظام میں آتی ہے جو آئین کے مطابق چل رہا ہو ہمارا نظام آئین کے مطابق نہیں ہے کیونکہ یہاں سیاست میں مداخلت ہے جب مداخلت ختم ہوگی تو یہ حکومت ایک دن نہیں رہ سکتی۔
مشترکہ اجلاس میں جوکچھ ہوا وہ کوئی زیادہ خوش آئند حالات نہیں تھے اپوزیشن عدم اعتماد کیلئے تیار ہے چھ سات کا فرق ہے یہ فرق اتحادی ہی پورا کرسکتے ہیں ہمیں عدم اعتماد کیلئے قومی اسمبلی میں 172 اراکین ایک مقررہ دن اور وقت پر پہنچانے ہیں میرے پاس کوئی فوج اور لشکر نہیں ہے میرے پاس 172 کیا 341 ممبر بھی ہوں اگر ان سب کو کوئی اسمبلی ہی نہ پہنچنے دے تو عدم اعتماد نہیں ہوگا۔ ہم نے حکومت کا نامناسب رویہ دیکھا ہے جو اپوزیشن لیڈر کو کتابیں اٹھا کر مارسکتے ہیں اور گالیاں دے سکتے ہیں جب حکومت جارہی ہوگی تو کیا وہاں تشدد نہیں کریں گے۔