اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کے مسائل کے حل کیلئے کمیونٹی کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی سہولت اور فلاح و بہبود ایک بڑا چیلنج ہے۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی افراد کی سہولت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے، کامسیٹس، نسٹ اور نیشنل کالج آف آرٹس کی سینیئر انتظامیہ نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کو آزادانہ نقل و حرکت میں کئی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، رکاوٹوں کے باعث خصوصی افراد بہت سی سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے پاتے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کاروباری برادری اور ایوان صنعت و تجارت خصوصی افراد کی سہولت کیلئے تجاویز پر عمل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افرادکی سہولت کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کی سماجی طور پر ذمہ دار انہ شرکت کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں نسٹ ، کامسیٹس اور این سی اے کے فن تعمیر کے ڈیپارٹمنٹس کی جانب سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کے ایف سکس، ایف سیون اور آئی ایٹ مرکز کے علاوہ اسلام آباد میں عمارات کو خصوصی افراد کیلئے قابل رسائی بنانے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ صدر مملکت نے چیئرمین سی ڈی اے کو جامعات کی تجاویز کو حتمی صورت دینے میں مدد کرنے کی ہدایت کی۔