پنجاب بلدیاتی انتخابات کی نگرانی خود کروں گا،عمران خان


لاہور(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی نگرانی خود کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنان کے اعتماد کے بعد امیدوار کے چنائو کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کے سینئرر ہنمائوں کا اجلاس وزیراعلیٰ ہائوس میں ہوا، جس میں بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں گورنرپنجاب چوہدری سرور، وزیراعلی عثمان بزدار، وفاقی وزیر فواد چوہدری ،شفقت محمود، معاون خصوصی شہبازگل نے بھی شرکت کی۔

شرکا ء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی خود نگرانی کرنے کا عندیہ دیا اور ہوم ورک جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی پنجاب میں خودنگرانی کروں گا، کارکنوں، مقامی رہنمائوں کو اعتماد میں لے کر امیدوار منتخب کیے جائیں اور پی ٹی آئی ورکرز ، عوام کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے۔عمران خان نے مزید کہا کہ مسائل نچلی سطح پرحل کرنے کیلئے بلدیاتی اداروں کواختیارات دینا ہوں گے۔

وزیراعظم کا پانی تنازع پرسندھ کے عدم تعاون پر اظہار افسوس

 وزیراعظم عمران خان نے پانی کے معاملہ پر سندھ کے عدم تعاون پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔دورہ لاہور کے دوران وزیراعظم عمران خان سے وزیر آبپاشی محسن لغاری نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

وزیر آبپاشی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے وزیر اعظم نے سندھ اور پنجاب کے درمیان پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کے معاملے پرپوچھا کہ صوبوں کے پانی کی مشترکہ مانیٹرنگ کا معاملہ کہاں تک پہنچا۔ذرائع کے مطابق محسن لغاری نے وزیر اعظم کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب نے سندھ کی ٹیم کو تونسہ بیراج پر مانیٹرنگ کروا دی تھی۔ سندھ نے گدو بیراج سے پنجاب کو مانیٹرنگ کی اجازت نہیں دی۔ سندھ مشترکہ مانیٹرنگ کے معاملے پر تعاون نہیں کررہا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے عدم تعاون پر افسوس کا اظہار کیا۔دوسری طرف وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں وزیرِ اعظم کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، انتظامی امور اور امن و امان کی صوتحال سے آگاہ کیا گیا۔ملاقات میں چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل، آئی جی پنجاب رائو سردار علی خان اور پرنسپل سیکرٹری پنجاب عامر جان بھی شریک ہوئے۔

ملاقات میں پنجاب میں کھاد کی کسانوں کو بلا تعطل فراہمی کیلئے اٹھائے گئے انتظامی اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے صوبے میں انتظامی اور امن و امان کی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔اسکے علاوہ حکومت کے فلاحی منصوبوں کے اثرات کو عوام تک پہنچانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔