راولپنڈی(صباح نیوز)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اسلام آباد میں سفیروں، ہائی کمشنرز، سفارتکاروں اور کمرشل قونصلرزکے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔سالانہ افطار عشایئے میں سفیروں کے ڈین، ترکمانستان کے سفیر عطاجان ملاموف بڑی تعداد میں ترکی، انڈونیشیا، آذربائیجان، ازبکستان، کرغزستان، بیلاروس، ایران، سری لنکا، تھائی لینڈ اور مراکش سمیت مختلف ملکوں کے سفیروں اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر اور وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک بھی موجود تھے۔آر سی سی آئی کے گروپ لیڈر سہیل الطاف اور صدر ثاقب رفیق نے بڑی تعداد میں شرکت پر سفیروں، معززین اور تاجروں کا شکریہ ادا کیا۔صدر ثاقب رفیق نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر سفارتی برادری کو تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے ایک اہم ستون سمجھتا ہے اور آر سی سی آئی ہمیشہ تمام سفارت کاروں کے ساتھ بہتر روابط پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال سفارت کاروں کے لیے راولپنڈی افطار ڈنر کا اہتمام کرتا ہے تاکہ ملک کے مثبت اور حقیقی امیج کو فروغ دیا جا سکے۔
گروپ لیڈر سہیل الطاف نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہم وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر اور وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کے مشکور ہیں کہ آج ہمارے ساتھ شامل ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نیٹ ورکنگ کے لیے ایک بہترین موقع ہے اور ہمیں بڑی تعداد میں سفیروں اور تجارتی مشیروں کی میزبانی کرنے پر فخر ہے۔اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد حمزہ سروش، نائب صدر فیصل شہزاد، سابق صدور، صدر ایف سی سی آئی ڈاکٹر خرم طارق، صدر سمال چیمبر طارق جدون، صدر ویمن چیمبر رفعت شاہین، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران اور ضلعی اور مقامی انتظامیہ کے نمائندوں، انجمن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ افطار ڈنر میں تاجران اور ممبران اور تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔