اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کوشش ہے رواں برس سٹیٹ بینک کے ذخائر 13 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں، موجودہ حکومت نے ایک دن بھی بیرونی ادائیگی نہیں روکی، مانیٹری پالیسی میں وزارت خزانہ کو کوئی عمل دخل نہیں۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا بیرونی قرضہ نیچے گیا ہے کوشش ہے کہ ذخائر میں بہتری لائی جائے۔ پہلے بھی کہا ہے کہ معیشت پر سیاست نہ کی جائے چارٹر آف اکانومی پر بات کی جائے۔اسحاق ڈار نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ایک دن بھی بیرونی ادائیگی نہیں روکی۔ انہوںنے کہا کہ ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیاگیا اب اس پر سیاست نہ کی جائے گذشتہ 5ہفتے سے تنگی کے باوجود ریزور میں بہتری آرہی ہے ، کوشش ہے کہ جون تک ریزروز کو مزید بہتر ی کی طرف لے جائیں،ہماری کوشش ہے کہ رواں برس سٹیٹ بینک کے ذخائر 13 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں، سٹیٹ بینک کو ریاست کے اندر ریاست بنا دیا گیا۔ مانیٹری پالیسی میں وزارت خزانہ کو کوئی عمل دخل نہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ انتخابات کا معاملہ سپریم کورٹ میں چل رہا ہے۔ اگر انتخابات ابھی ہوئے تو پرانی حلقہ بندیوں پر ہوں گے۔ دوحکومتیں اب بن جائیں تو کیا اکتوبر میں شفاف انتخابات ہو سکیں گے۔ مردم شماری 71 کی طرز پر کی جارہی ہے۔ مردم شماری جو 2017 میں کی گئی اس پر اتنے اخراجات ہوئے اور اعتراضات بھی تھے۔ اس مردم شماری پر بھی کہا گیا کہ اس میں ترمیم لائی جائے اور ترمیم لائی گئی۔انہوں نے کہا کہ 2017 میں بھی ترامیم لائی گئی تھیں تو بار لانے میں کوئی حرج نہیں ، پنجاب اور کے پی کے انتخابات پھر پرانی مردم شماری پر ہوں گے۔