وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈارسے سابق امریکی سفیر رابن ایل رافیل کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے کہاہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط اقتصادی اور تجارتی تعلقات قائم ہیں۔انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں سابق امریکی سفیر رابن ایل رافیل سے ملاقات میں کہی۔ وزیر خزانہ نے رابن ایل رافیل کا خیرمقدم کیا اور امریکہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں گہرے اور مضبوط دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی ۔

وزیر خزانہ نے مشکل معاشی چیلنجوں سے نمٹنے اور اقتصادی وستانی ترقی کے لئے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ترجیحات سے انہیں آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کے پس منظر میں باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

رابن ایل رافیل نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات ہیں ۔انہوں نے اقتصادی استحکام اور ترقی کے لئے حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں پر اعتماد کا اظہار کیا ۔