اسلام آباد میں ٹھوس فضلے کو تلف کرنے کے منصوبے کا فوری طور پر اجرا کیا جائے شہبازشریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں ٹھوس فضلے (Solid Waste) کو تلف کرنے کے منصوبے کا فوری طور پر اجرا کیا جائے۔جبکہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ٹھوس فضلے کو تلف کرنے کا ماڈل پنجاب میں موجود ہے۔ہم نے لاہور میں ٹھوس فضلے کی تلفی کیلئے بین الاقوانی معیار کا منصوبہ بنایا۔اسلام آباد میں مربوط سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبے کیلئے انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کیا جائے۔گھروں سے فضلہ اکٹھا کرنے سے لے کر لینڈ فل سائیٹ تک منتقلی کے تمام مراحل کو آٹ سورس کیا جائے۔منصوبے کے دوسرے مرحلے میں فضلے سے بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ سازی کی جائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد اور گردو نواح میں ٹھوس فضلے کی تلفی کے منصوبے کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس سوموار کے روز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں ٹھوس فضلے کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔اسکے لئے لینڈ فِل سائیٹ کا انتخاب کیا جا چکا ہے۔اس موقع پر وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ گھروں سے فضلہ اکٹھا کرکے لینڈ فِل سائیٹ تک پہنچانے کے تمام مراحل آٹ سورس کئے جائیں تاکہ شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی بہترین خدمات بھی فراہم کی جائیں اور حکومت کا خرچہ بھی کم سے کم ہو۔اجلاس کو اس حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیرِ اعظم نے منصوبے کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔اجلاس میں سابق ارکانِ قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری،محمد حنیف عباسی، انجم عقیل خان، کمشنر اسلام آباد، کمشنر روالپنڈی اور متعقلہ اعلی حکام نے شرکت کی۔