اسلام آباد (صباح نیوز)قومی اسمبلی کی مجلسِ قائمہ برائے حکومتی یقین دہانیاں نے قراردیا ہے کہ سی ڈی اے کے افسران ملی بھگت سے سستے نرخ پر ٹھیکہ دے کر ناجائز قابضین کا سہارا لے کر نرخ بڑھا دیئے جاتے ہیں اگر زمین پر مافیا قابض ہے تو ٹھیکے کیوں دیئے جاتے ہیں، سی ڈی اے کوسیکٹر ای-12 کے الاٹیوں کو جلد پلاٹ جب کہ پی ٹی وی کے حکام کوملازمین کو بجٹ سیشن کا اعزازیہ جلد اداکرنے کی ہدایت کردی گئی پارلیمنٹ لاجزکی تعمیر و مرمت کے کاموں کی جانچ پڑتال کے لیے چار رکنی ذیلی کمیٹی قائم کردی گئی۔
مجلسِ قائمہ برائے حکومتی یقین دہانیاں کااجلاس چیئرمین محمد افضل کھوکھر کی صدارت میں ہوا۔ مجلسِ قائمہ کو بتایا گیا کہ 35 سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے مگر سابقہ سرکاری ملازمین سے پلاٹوں کی رقوم لے لینے کے باوجود سی ڈی اے نے ابھی تک الاٹیوں کو سیکٹر ای-12 میں پلاٹس الاٹ نہیں کیے۔ سی ڈی اے کے عملہ نے بتایا کہ 2020 میں سیکٹر ای-12 میں ترقیاتی کام شروع کر دیا گیاتھا مگر قبضہ مافیا نے سیکٹر کی اکثر زمین پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے اور وہ ترقیاتی کام نہیں کرنے دیتے۔
مجلسِ قائمہ نے پوچھا کہ اگر قبضہ مافیا پہلے ہی ایک جگہ پر قابض تھا تو اس جگہ کے کاموں کا ٹھیکہ کیسے دے دیا گیا؟ مجلس ِ قائمہ نے قرار دیا کہ بادی النظر میں یوں محسوس ہوتا ہے کہ سی ڈی اے کے افسران ابتدائی طور پر ملی بھگت سے سستے داموں ٹھیکہ دے دیتے ہیں اور اس کے بعد ناجائز قابضین کا سہارا لے کر ترقیاتی منصوبے پر نظر ثانی کرکے ٹھیکہ کے نرخ بڑھا دیئے جاتے ہیں اور اِس طرح عوام کے مفادات کو نقصان پہنچایا جاتا ہے۔ لہذا مجلسِ قائمہ نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے جلد از جلد سیکٹر ای-12 کے ترقیاتی کام کو مکمل کرے اور جلد از جلدالاٹیوں کو پلاٹس حوالے کیے جائیں۔
مجلسِ قائمہ کو بتایا گیا کہ پولیس، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان اور کچھ دیگر اداروں نے ابھی تک اپنے کچھ ملازمین کو بجٹ 23-2022 کا اعزازیہ ادا نہیں کیا۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات کے نمائندہ نے بتایا کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے اعزازیہ دے دیا ہے۔ تاہم پی ٹی وی نے ابھی تک اعزازیہ نہیں دیا۔ کیونکہ ا ن کی لسٹیں وزارتِ خزانہ کو بھیجی جارہی ہیں جو فنڈز جاری کریں گے۔ مجلسِ قائمہ نے سخت ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پی ٹی وی اپنے ذاتی وسائل سے متعلقہ ملازمین کو جلد اعزازیہ ادا کرے۔
نیز مجلسِ قائمہ نے اعزازیہ کی ادائیگی پر عمل درآمد کرانے کے لیے اور سی ڈی اے کی کارکردگی خصوصا پارلیمنٹ لاجز کی صفائی ستھرائی اور تعمیر و مرمت کا جائزہ لینے کے لیے ایک چار رکنی ذیلی کمیٹی بنائی جس کے سربراہ سید جاوید حسنین شاہ ارکان میں سید جاوید جیلانی، شگفتہ جمانی، سائرہ بانو شامل ہونگیں۔ مجلس قائمہ کے اجلاس میں وزارتِ پارلیمانی امور، سی ڈی اے، وزارتِ داخلہ، وزارت خزانہ ، وزارتِ اطلاعات و نشریات اور دیگر اداروں کے اعلی سول افسران نے بھی شرکت کی۔