حکومت کی پوری کوشش ہے کہ تمام معاملات بات چیت سے طے پا جائیں، فوادچوہدری


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ امن و امان قائم رہے اور سڑکوں پر تشدد نہ ہو اور تمام معاملات بات چیت سے طے پا جائیں اختیارات استعمال نہ کرنے کی آخری وقت تک کوشش کی جائے گی۔

ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت کی پوری کوشش یہی ہوتی ہے کہ سڑکوں پر تشدد نہ ہوہ امن و امان قائم رہے  اور مسائل بات چیت سے حل ہوسکیں۔ آخری وقت تک کوشش کی جائے گی کہ حکومت اختیارات  استعمال نہ کرے ایسا کرنا حکومت کے مفاد میں نہیں  ہوتا لیکن حرکتوں کی وجہ سے اختیارات استعمال کرنے پڑ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملکی معیشت کو بے پناہ نقصان ہورہا ہے اور پھر پولیس والے بھی شہید ہورہے ہیں اگر ریاست پولیس اور اداروں کے ساتھ کھڑی نہیں ہوگی تو پھر ادارے بھی حکومت کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے ۔

انہوں نے کہاکہ اگر کوئی گروپ یہ سوچتا ہے کہ فرانس سے ہمارے تعلقات نہیں ہونے چاہئیں ان کا ایسا سوچنے کا حق ہے لیکن ان کو یہ قطعی طورپر حق نہیں ہے کہ وہ کلاشنکوف لے کر سڑک پر آجائیں یہ پہلی بار ہمارے ساتھ نہیں ہورہا بلکہ بار بار ہورہا ہے جس سے ملک بے انتہا نقصانات کا سامنا کررہا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کا مستقل حل صرف ایک ہی ہے جو نیشنل ایکشن پلان میں طے ہوا تھا کہ کسی پرائیویٹ فرد کوہم یہ حق نہیں دیں  گے کہ وہ تشدد سے اپنی منطق کو منوالے۔

فواد چوہدری نے کہاکہ میری یہ ذاتی رائے ہے کہ ہمیں قتل ہونے والے پولیس اہلکاروں کی ایف آئی آر واپس لینے کا کوئی حق نہیں ہے یہ غیر اسلامی ہے دیعت کا حق ہمارا نہیں ان کی فیملیوں کو ہے جب تک قانون کی عملداری نہیں ہوگی یہ گروپ آتے رہیں گے۔