مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشت گردی،مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا


سری نگر۔۔۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔بانڈی پورہ سے بھارتی فوج نے دونوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ سرینگر ائر پورٹ پر ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا،

کے پی آئی کے مطابق قابض بھارتی فوج کی ریاست میں دہشت گردی جارہی ہے ،قابض فوج نے اسلام آباد میں دونوجوانوں کو ٹینگ پووا میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔

بھارتی فورسز کی جانب سے رات گئے ٹینگ پووا کے علاقے میں آپریشن شروع کیا گیا۔آخری اطلاعات آنے تک آپریشن جاری تھا،،دریں اثناء بھارتی پولیس نے ضلع بانڈی پورہ سے دو نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے نوجوانوں کو جن کی شناخت اشفاق مجید ڈار اور وسیم احمد ملک کے ناموںسے ہوئی ہے، ضلع کے علاقے حاجن سے گرفتارکیا ہے۔

قابض حکام نے ان پر مجاہدین کے لئے کام کرنے کا الزام لگایا اوران کے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا، علاوہ ازیںسری نگر ایئرپورٹ پر ایک بھارتی فوجی بے ہوش ہونے کے بعد ہلاک ہوگیا۔

سکندر کمار نامی فوجی ہوائی اڈے پر بے ہوش ہو کر گرپڑا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاںڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیدیا۔