نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈاؤن محاصرے

 سری نگر: نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈاؤن محاصروں اور چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔بھارتی یوم جمہوریہ 26  جنوری کو منایا جائے گا ۔تاہم بھارتی حکام نے  پہلے ہی کشمیر میں تیاریاں شروع کر دی ہیں، مقبوضہ جموں وکشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں مرکزی تقریب مولانا آزاد سٹیڈیم میں ہو گی جبکہ سرینگر جو مقبوضہ علاقے کا گرمائی دارالحکومت ہے میں یوم جمہوریہ کی نام نہاد تقریب بخشی سٹیڈیم میں ہو گی۔ دونوں ا سٹیڈیموں کے ارد گردسخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ا سٹیڈیموں کی باریک بینی سے تلاشی لی  جارہی ہے  او ر اس سلسلے میں سراغ رساں کتوں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔

سرینگر اور جموں میں جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ہیں جہاں گاڑیو ں مسافروں اور راہگیروں کی سخت تلاشی لی جارہی ہے ۔ یوم جمہوریہ کی نام نہاد تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے خطے لداح کے دونوں اضلاع لیہہ او کرگل میں بھی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیںکشمیری عوام ہرسال مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ  کے موقع پر یوم سیاہ مناتے ہیں۔ یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر آزادکشمیر اور دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جن میں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم و تشدد او رفاشسٹ مودی حکومت کااصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔سری نگرسمیت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یوم جمہوریہ کے پیش نظرسیکوٹی سخت کی جارہی ہے۔