الیکشن کمیشن کاتھرپارکر، پریزائیڈنگ آفیسر کو تھپڑ مارنے کا نوٹس


کراچی(صباح نیوز) الیکشن کمیشن سندھ نے صوبہ کے 14اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوران اسلام کوٹ میں سرکاری ملازم کی جانب سے پریزائیڈنگ آفیسر کو تھپڑ مارنے کا نوٹس لے لیا ہے،

سندھ میں 26جون کو پہلے مرحلے کے ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران ضلع تھر پارکر کی تحصیل اسلام کوٹ میں سرکاری ملازم کی جانب سے پریزائیڈنگ آفیسر کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

تحصیل اسلام کوٹ کے پولنگ اسٹیشن پر سرکاری ملازم کی جانب سے پریزائیڈنگ آفیسر کے ساتھ گالم گلوچ اور تھپڑ مارنے کے معاملے کا الیکشن کمیشن سندھ نے نوٹس لے لیا۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن تھر پارکر کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز اور ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن سندھ نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، مانیٹرنگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر تھر پارکر کو اس حوالے سے ہدایات جاری کر دیں۔

الیکشن کمیشن سندھ کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ محکمہ صحت کے ملازم غلام محمد جونیجو نے پریذائیڈنگ آفیسر ڈاکٹر گھنشام کے ساتھ گالم گلوچ کی اور انہیں تھپڑ مارا، لہذا واقعے کی جلد انکوائری کر کے مذکورہ شخص کے خلاف کارروائی کریں۔

واقعے کی سوشل میڈیا پر بھی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں محکمہ صحت کے ملازم غلام محمد جونیجو کو پریزئیڈنگ آفیسر ڈاکٹر گھنشام کے ساتھ بدتمیزی کرتے اور انہیں تھپڑ رسید کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پریزائیڈنگ آفیسر ڈاکٹر گھنشام کو تھپڑ مارنے والا محکمہ ہیلتھ کا ملازم غلام محمد جونیجو مقامی وڈیرہ بھی ہے۔