اسلام آباد(صباح نیوز) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے بھارتی قید میں مقدمات کا سامنا کرنے والے محمد یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارت کے غیر جمہوری، غیر انسانی اور متعصبانہ رویے کے خلاف 18 مئی کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھر پوراور پرامن عوامی احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔
اس سلسلے میں بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے علاوہ اسلام آباد سمیت دنیا بھر میں بالخصوص امریکہ، برطانیہ، بلجیم اور یورپ کے دیگر ممالک میں قائم بھارتی سفارت خانوں کے سامنے 18 مئی بروز بدھ بھر پور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔اسلام آباد میں یہ مظاہرہ 18 مئی دن ایک بجے ہوگا ۔
اس بات کا فیصلہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کی سپریم کونسل نے کیا ہے ۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کی سپریم کونسل نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر یاسین ملک کو کسی سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بنایا گیا تو نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کا ذمہ دار خود بھارت ہوگا۔ یاسین ملک بارے حکومت ہندوستان کے جارحانہ فیصلے پر پاکستانی میڈیا کی خاموشی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سپریم کونسل نے فیصلہ کیا کہ پارٹی قیادت آزاد کشمیر گلگت بلتستان سمیت پاکستانی عوام تک یاسین ملک سے متعلق اصل حقائق 16 مئی بروز پیر اسلام آباد پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے زریعے پہنچائیں گے۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی سپریم کونسل کا ایک اہم اور ہنگامی اجلاس میں بھارت مخالف احتجاجی مظاہروں ، انسانی حقوق کے علمبرداروں سمیت عالمی رہنماؤں کو خطوط روانہ کرنے کے علاوہ دیگر کئی اہم فیصلے لئے گئے جن میں قدآور عالمی شخصیات، عالمی شہرت یافتہ افراد، انسانی حقوق کے علمبرداروں، عالمی و مقامی اہم رہنماؤں کے علاوہ دیگر اہم افراد سے سوشل میڈیا پر یاسین ملک کی حمایت چلائی جانے والی کمپیئن کے لئے بھارت کے اس رویے کے خلاف اور یاسین ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی میں آڈیو، ویڈیو یا تحریری بیانات لئے جائیں گے۔
سپریم کونسل کا ہنگامی اجلاس گذشتہ روز سنٹرل انفارمیشن آفس میں پارٹی کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سرینگر سے ساتھیوں کے علاوہ سفارتی شعبے کے سربراہ پروفیسر راجہ ظفر خان (لندن)، وائس چیئرمین حافظ انور سماوی، وائس چیئرمین خواجہ سیف الدین، وائس چیئرمین سلیم ہارون، وائس چیئرمین سردار زاہد حسین خان (بلجیم)،مرکزی چیف آرگنائزر صابر گل(لندن)،ڈپٹی سیکریٹری جنرل جاوید حنیف، آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ساجد صدیقی، مرکزی سیکرٹری مالیات خواجہ منظور احمد چشتی، چیئرمین ایس ایل ایف عبدالرحیم ملک ایڈووکیٹ، ممبر سپریم کونسل و صدر نارتھ امریکہ محمد حلیم خان (امریکہ)، ڈپٹی سیکریٹری مالیات حافظ ممتاز احمد، ڈپٹی مرکزی چیف آرگنائزرسردار محمد انور خان، ممبر سپریم کونسل خواجہ پرویز ، ممبر سپریم کونسل سردار محمد حیات خان، ممبر سپریم کونسل سردار جمشید احمد، ممبر سپریم کونسل اعظم ضیائی، ممبر سپریم کونسل طارق شریف (برطانیہ)، ممبر سپریم کونسل مذمل حق عادل (فرانس)،ممبر سپریم کونسل ملک اسلم، ممبر سپریم کونسل سردار سلیم خان آفتاب (سعودی عرب) اور راقم شریک تھے
جبکہ صدر برطانیہ زون لیاقت لون (برمنگھم) اور صدر گلف زون افتخار وسیم درانی (سعودی عرب) اورجنرل سیکریٹری آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون سردار ارباب ایڈووکیٹ نے خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی۔ سپریم کونسل کے اجلاس میں قائد انقلاب و محبوس چیئرمین لبریشن فرنٹ جناب محمد یاسین ملک پر عائد فرضی مقدمات بارے حالیہ دنوں بھارتی عدالت کے یکطرفہ اور متعصبانہ کاروائی جیسے یک نکاتی ایجنڈے پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
ترجمان کے مطابق سپریم کونسل کے جملہ ممبران نے ایک متفقہ قرارداد کے زریعے اس بات کا اعلان کیا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ مضبوطی کے ساتھ اپنے قائد کے بیانئے کے ساتھ کھڑی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ قابل فخر بات ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے ان پر دہشت گردی جیسے دائر کردہ مقدمات کو مسترد کرتے ہوئے یاسین ملک نے بھارتی عدالت میں اپنے وطن ریاست جموں کشمیر کی تحریک ِ آزادی کی رہنمائی کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔
سپریم کونسل نے وکیل صفائی کی تعیناتی نہ کرنے پر اظہار تشویش کے باوجود یاسین ملک کی طرف سے اختیار کئے گئے موقف کی تائید و حمایت کرتے ہوئے بہادری اور بلند حوصلوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔شرکائے اجلاس نے یاسین ملک سے متعلق بھارتی حکومت کے عزائم اورعدالت میں دئے گئے ان کے بیان کو حقیقت سے ہٹ کر غلط رنگ دینے کی کوشش کی مذمت کی۔