اجتماعی بے حسی کے باعث عافیہ کی 20ویں عیدالفطر بھی قید تنہائی میں گزرے گی: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی


کراچی(صباح نیوز)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ حکمرانوں اور ریاستی حکام کی اجتماعی بے حسی کے باعث عافیہ کی 20ویں عیدالفطر قید  تنہائی میں گزرے گی- ہر قیدی کی طرح عافیہ کو بھی امریکی قوانین اور جیل مینوئل کے مطابق ٹیلیفون اور ویڈیو کال کا حق تو حاصل ہے مگر اہلخانہ سے رابطہ کی اجازت حاصل نہیں ہے،

عیدالفطر کے موقع پر جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم عافیہ کو عید کی دعاں اور خوشیوں میں یاد رکھے اور بے گناہ قیدیوں کی رہائی و لاپتہ افراد کی بازیابی، پاکستان اور عالم اسلام میں امن، ترقی، خوشحالی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی جائے-

انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزرائے اعظم میر ظفراللہ خان جمالی، چوہدری شجاعت، شوکت عزیز، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، میاں محمد نواز شریف، شاہد خاقان عباسی اور عمران خان کے دور اقتدار میں ڈاکٹر عافیہ نے جرم بے گناہی کی پاداش میں 20 عیدالفطر قید تنہائی میں گزاری ہیں- اب امتحان وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا شروع ہو چکا ہے کہ وہ دینی حمیت اور قومی غیرت کا پاس کرتے ہوئے کتنی جلدی ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں-