لاہور۔(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک میں اراکین اسمبلی کی خریدوفروخت کا سلسلہ عرصے سے جاری ہے۔ سینیٹ الیکشن کے دوران پی ٹی آئی بھی اسی کھیل کا حصہ بنی۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیت گاہ میں ضلع گوجرانوالہ اور تحریک محنت کے افراد شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی جماعت کے اراکین اسمبلی کے خلاف فلور کراسنگ پر اگر ماضی میں ایکشن لیا ہوتا تو آج انھیں اس صور ت حال کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ ثابت ہو گیا کہ ملک پر حکمرانی کرنے والی تمام بڑی جماعتیں خریدوفروخت کے عمل میں ملوث ہیں۔ حکمران جماعتیں اور ان سے وابستہ سیاست دانوں نے ہمیشہ بے اصولی کی سیاست کو پروان چڑھایا۔ حکمران اشرافیہ کسی قاعدے ، ضابطے اور قانون کا پابند نہیں۔ ان حالات میں قوم کے لیے امید کی کرن صرف جماعت اسلامی ہے۔
راشد نسیم نے کہا کہ قوم جماعت اسلامی پر اعتماد کرے۔ تمام جماعتوں کے چہرے عیاں ہو گئے۔ جماعت اسلامی ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہمارے کارکنان اور ذمہ داران کا کردار، محنت اور اہلیت سب کے سامنے ہے۔ جماعت اسلامی کو اللہ تعالیٰ نے اقتدار دیا تو ہم ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی مملکت بنائیں گے۔