بھونگ شریف کے مقام پر انٹر چینج تعمیر کرنے کی منظوری،انٹرچینج کی تعمیر کے لئے رئیس منیر احمد خان 25ایکڑزمین مفت فراہم کریں گے


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر سردار ر ئیس منیر احمد خان کی کوششوں سے ملتان،سکھر موٹر ے ایم5 پر ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں بھونگ شریف کے مقام پر انٹر چینج تعمیر کرنے کی منظور ی دے دی گئی۔ بھونگ انٹرچینج کی تعمیر پر پونے دو ارب روپے لاگت آئے گی۔بھونگ انٹرچینج کی تعمیر کے لئے سردار رئیس منیر احمد خان 25ایکڑزمین مفت فراہم کریں گے ۔

بھونگ شریف انٹرچینج کی منظور وفاقی وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدار ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی(ڈی ڈی بلیوپی) کے اجلاس میں دی گئی۔ڈی ڈی ڈبلیو پی کی میٹنگ 11فروری 2022کو ورارت مواصلات کے اسلام آباد دفتر میں منعقد ہوئی۔

اجلاس میں بھونگ انٹرچینج کو باضابطہ طور پر منظور کر لیا گیا اور این ایچ اے نے پی سی ون منظور کرکے وزارت مواصلات کو بھیجا تھا، جس کا ایجنڈا28فروری2022کو جاری کردیا گیاجس میں این ایچ اے نے سابق وفاقی وزیر سردار رئیس منیر احمد خان کے مئوقف کو تسلیم کیا کہ صادق آباد کی عوام کو دور دراز رحیم یار خان اور گڈو سے موٹروے پر چڑھنا پڑتا ہے جو عوام کے ساتھ سراسرزیادتی ہے اوراس سے امن وامان کا مسئلہ بھی درپیش رہے گا، اس لئے این ایچ اے سفارش پر بھونگ انٹرچینج منظور کر دیا گیا ۔ بھونگ انٹرچینج کی تعمیر پر پونے دو ارب روپے لاگت آئے گی ۔

وفاقی وزیر ترقی ، منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات منصوبہ کے لئے جلد فنڈز جاری کریں گے تاکہ بھونگ انٹرچینج پر کام کا آغاز ہو سکے۔ سردار رئیس منیر احمد خان نے صادق آباد کی غیور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری نو سال کی انتھک محنت رنگ لائی ہے ، بغیر عہدہ کے بھی عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھے ہوئے ہوں، میں نے ثابت کیا ہے کہ میں اپنے عوام سے کتنا پیار اور محبت کرتا ہوں،صادق آباد کی عوام سے امید ہے کہ وہ آنے والے وقت میںوہ میرا حوصلہ بڑھائیں گے تاکہ مزید صادق آباد میں میڈیکل کالج، کیڈٹ کالج ، انجینئرنگ یونیورسٹی، لیبر کالونی، وکلاء کالونی کا قیام عمل میں لایا جاسکے جو میرا دیرینہ خواب ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ تحصیل صادق آباد درجہ کے لحاظ سے اسلام آباداور لاہورکے برابر ہو تاکہ معیشت کا پہیہ رکنے نہ پائے۔ ان منصوبوں کے لئے اپنی کروڑوں روپے کی ذاتی اراضی وقف کروں گا۔

سردار رئیس منیر احمد خان نے کہا کہ وہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد اورسینیٹر بیرسٹر محمد جاوید عباسی کے مشکور ہیں جنہوں نے بھونگ انٹرچینج کی منظوری کے لئے بھر پور تعاون کیا۔ اس کے ساتھ ،ساتھ وزیر اعظم پاکستان عمران خان، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)حکام اور ان کی پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی خصوصی دلچسپی سے بھونگ انٹرچینج منظور ہوا۔

سردار ریئس منیر احمد خان نے کہا کہ خاص طور پر میڈیا کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے میرا حوصلہ بڑھایا اور مثبت رپورٹنگ کی اور حقائق عوام تک پہنچائے۔

واضح رہے کہ سینیٹ آف پاکستان نے سینیٹربیرسٹر محمد جاوید عباسی کی جانب سے27جنوری2020کو بھونگ انٹرچینج کی تعمیر کے حوالہ سے پیش کردہ قرارداد منظور کی تھی جبکہ بھونگ مندر کی توڑ پھوڑ کے ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سردار رئیس منیر احمد خان نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں پیش ہوکر سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کو کو بتایا تھا کہ اگر بھونگ شریف میں ملتان، سکھر موٹروے پر انٹرچینج بن جائے گا تواس سے پولیس کو کسی ناگہانی واقعہ کے بعد موقع پر پہنچنے میں چند منٹ لگیں گے جس پر سابق چیف جسٹس نے وزارت مواصلات اور این ایچ اے حکام کو طلب کر کے بھونگ شریف کے مقام پر انٹرچینج کی تعمیر کی منظوری دینے کا حکم دیا تھا ۔