ملک کا بیڑا غرق کرنے والے جلد ایک دوسرے کو سلیکٹڈ کہتے نظر آئیں گے، فرخ حبیب


جھنگ(صباح نیوز) وفاقی وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی کہانیاں چلا نے والوں کا وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ کوئی مک مکا نہیں ہو گا۔ جن لوگوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا وہ لوگ بہت جلد ایک دوسرے کو سلیکٹڈ کہتے نظر آئیں گے۔

جھنگ پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ ہماری حکومت نے جرنلسٹ پروٹیکشن بل بنایا ہے،ہم آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں، کامیاب جوان پروگرام میں ہم صحافیوں کو سہولت دے سکتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ صحافی بھی اپنا گھر بنا سکیں، اربوں روپے کے گھروں کیلئے قرضے منظور ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی آئی ٹی ایکسپورٹ بڑھا رہے ہیں، ایکسپورٹ بڑھتی ہے تو ہم ڈالر پر قابو پاسکیں گے، کوویڈ کے بعد چیلنج آیا لیکن وزیراعظم نے لاک ڈاون نہیں ہونے دیا، تنقید دلیل سے کریں ہم اس کا جواب دیں گے ، ماضی میں روٹی کپڑا مکان کے نعرے لگائے گئے لیکن کلچر نہیں بنایا گیا۔جو حکمران ہمارے گلے میں مہنگی بجلی کا پھندا ڈال کر گئے، انہوں نے بجلی کے کارخانے ضرورت سے زیادہ لگادیے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے کارخانے چلیں یا نہ چلیں اس کا کرایہ 2023 تک 1300 ارب روپے ادا کرنا ہے جو عوام کی جیب سے نکلنا ہے۔وزیر مملکت نے مزید کہا کہ وہ لوگ جو عدم اعتماد کی کہانیاں چلاتے ہیں، 20، 20 سال بعد عیادتیں کرنے چلے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ آج کل تیتر بٹیر کے ناشتے کرتے نظر آتے ہیں، بہت جلد یہ لوگ ایک دوسرے کو سلیکٹڈ کہتے ہوئے بھی نظر آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ5لاکھ تک بلا سود قرض فراہم کرنے کی اسکیم شروع کرنے جارہے ہیں، چاہتے ہیں نوکریاں ڈھونڈنے والے کم پیدا ہوں، نوکریاں دینے والے زیادہ ہوں، ایک سرکاری نوکری آئے تو ہزاروں درخواستیں آجاتی ہیں، عام آدمی کو ہم ڈائریکٹ فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔

فرخ حبیب کا مزید کہنا ہے کہ 70سال میں کسی کو عوام کی صحت کا خیال نہیں آیا، انہیں کھانسی بھی آتی تھی تو ان کا ڈاکٹر امریکا، لندن اور دبئی میں ہوتا تھا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے ہیلتھ کارڈ کی صورت میں10 لاکھ روپے جیب میں ڈال دیئے ہیں، ہیلتھ کارڈ کا منصوبہ کوئی حکومت ختم نہیں کرسکے گی، ہم نے ہنر سب کے لئے پروگرام شروع کیا ہے، ایک لاکھ اسکالر شپ میں دے چکے ہیں، ایک لاکھ مزید دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے یہ بھی کہا کہ اب ہم ڈیمز بنا رہے ہیں، پاکستان میں ڈیمز نہ بنا کر مجرمانہ غفلت کی گئی ہے، تربیلا ڈیم کے بعد عمران خان 10ڈیمز بنارہے ہیں، کے فور منصوبے پر بہت تیزی سے کام ہورہا ہے، ہمیں تباہ حال ادارے ملے، ہم نے اپنے دور میں بہتر اقدامات کیے ہیں، جبکہ اسپتال اور یونیورسٹیاں بنا رہے ہیں۔