بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈکیس کا فیصلہ پھر موخر

راولپنڈی(صباح نیوز)بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف  190 ملین پاؤنڈکیس کا فیصلہ  ایک بار پھر موخرکردیا گیا ۔ سماعت میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ پیش نہیں ہوئے۔   اڈیالہ جیل میں جج ناصر جاوید رانا نے 190ملین پائونڈکیس کی سماعت کی

۔سماعت سے قبل احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا اڈیالہ جیل پہنچے جبکہ نیب پراسیکیوٹر چوہدری نذر، نیب لیگل ٹیم کے ممبران عرفان احمد،سہیل عارف اور اویس ارشد، احتساب عدالت اسلام آباد کا عملہ اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ اور دیگر بھی جیل پہنچے تھے،، ملزمان کے وکلا تاخیر سے عدالت پہنچے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا ۔اس موقع پر اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی، جس میں لیڈیز پولیس اہلکاروں سمیت ایلیٹ فورس کے تازہ دم دستے بھی شامل تھے۔

اسی طرح اڈیالہ جیل گیٹ نمبر 5 پر سکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی تھی اور داخل ہونے والے سرکاری اہلکاروں کی بھی تلاشی لی جا رہی تھی۔اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمی خان بھی عدالت پہنچیں، تاہم  بانی پی ٹی آئی  اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی خود عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے کیس کا فیصلہ موخرکردیا ۔جج ناصر جاوید رانا نے کہا کہ  میں دو گھنٹے سے کمرہ عدالت میں انتظار کر رہا ہوں لیکن کوئی نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ فیصلہ بالکل تیار اور دستخط شدہ میرے پاس ہے، ٹرائل کے دوران بھی ملزمان کو متعدد مواقع دیئے گئے، فیصلہ سنانے کے لئے  ملزمان کو ایک اور موقع دے رہا ہوں جو اب 17 جنوری(جمعہ ) کو سنایا جائے گا۔