اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی کابینہ نے کرم میں ادویات کی قلت کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔منگل کو وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کرم میں ادویات کی قلت کے معاملے پر نوٹس لیا گیا اور قومی رجسٹریشن و بائیومیٹرک پالیسی فریم ورک کی اصولی منظوری دی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ کرم میں ادویات کی قلت کو فوری طور پر دور کیا جائے اور وفاقی حکومت اس معاملے پر خیبرپختونخوا حکومت سے رابطہ کرے
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران قومی رجسٹریشن و بائیومیٹرک پالیسی فریم ورک کی اصولی منظوری بھی دی گئی جس کے مطابق ایک قوم اور ایک شناخت کے تحت ہر پاکستانی کی منفرد آئی ڈی تیار کی جائے گی اور منصوبے کے تحت ہر شہری کا مکمل ڈیٹا یکجا کر دیا جائے گا۔پاسپورٹ، شناختی کارڈ، حفاظتی ٹیکے ، عدالتی و پولیس ریکارڈ یکجا کر دیا جائے گا جبکہ نادرا، اسٹیٹ بینک ، ایس ای سی پی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) کو ڈیٹا تک رسائی ہوگی۔وفاقی کابینہ کی جانب سے مختلف اداروں کے بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دی گئی،اجلاس کے دوران کابینہ نے کرم میں ادویات کی قلت کا نوٹس لیا، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کرم میں ادویات کی قلت کو فوری طور پر دور کیا جائے، وفاقی حکومت کے پی حکومت سے ادویات کی قلت پر رابطہ کرے۔